تم تو نرے پاگل ہو

تم تو نرے پاگل ہو!
منصور مانی
یہ کون ہے؟
یہ منصف ہے، اس نے ادب قانون اور انگریزی میں بہت کچھ پڑھ رکھا ہے
اچھا مگر یہ کرتا کیا ہے؟
فیصلے دیتا ہے!
کیسے فیصلے؟
جیسے نومبر 2016 میں دیا تھا
وہ کیا تھا؟
کوئی ملک ریاض ہے!
معاف کر دو! ملک ریاض کے خلاف میں ایک لفظ نہیں سُن سکتا!
اچھا لفظ مت سنو، فیصلہ تو سن سکتے ہو!
وہ کیا؟
506 کنال اراضی کا مقدمہ تھا، نیلور تھانے میں ملک ریاض کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم اور فیصلہ!
ارے ملک صاحب کے خلاف تو لوگ بہت کچھ کہتے ہیں پھر کہیں کے نہیں رہتے سانچ کو آنچ کیا!

Advertisements
julia rana solicitors london

یہ بچی کون ہے؟
کون یہ کالی کلوٹی سی؟
ہاں یہ ، اس کے پاس سے کتنی بدبو آ رہی ہے!
بدبو نہیں اس کےزخموں پر ٹیوب لگائی ہے اس کی بو ہے یہ!
اچھا پر زخم کس نے لگائے؟
کسی بیگم نے!
کس کی بیگم نے؟
ایک منصف کی!
ہیں، ایک انصاف کرنے والا اپنے گھر میں اتنا بے انصاف؟
کوئی نفسیاتی مسئلہ تو نہیں؟
معلوم نہیں
اس بچی کے ماں باپ کہاں ہیں؟
ابھی جانچ چل رہی ہے
کیا مطلب؟
کئی لوگ اس بچی کے دعوےدار ہیں!
پر بچی پر ہوا تو ظلم ہے
ہاں بہت ظلم ہے،
اس ظلم پر کوئی آواز کیوں نہیں اُٹھا رہا؟
جس جس کو پیسے مل گئے اُس نے آواز اُٹھا تو لی۔۔۔
تو کیا آواز صرف پیسے ملنے پراُٹھاتے ہیں؟
معلوم نہیں
تو کیا سلمان حیدر بھی پیسے لے کرآواز اُٹھاتا تھا؟
کون سلمان حیدر؟
ارے وہ عجیب سے بال والا، کالا سا
پتا نہیں، ویسے کسی کو کالا نہیں بولنا چاہیئے
جب یہ معلوم نہیں کہ وہ کون ہے تو اُس کے حق میں آواز کیوں اُٹھائی؟ اور اوپر جب بچی کو کالی بولاجب تو کچھ نہیں کہا!
ماورائے عدالت اور قانون اگر کچھ بھی ہو گا تو میں آواز اُٹھاوں گا!
تم کچھ جانتے ہو اُس کے بارے میں؟
اُس کی نظم پڑھی تھی کافر کافر! اچھی تھی مزے دار!
نظم ہی نہیں وہ خود بھی کافر ہی تھا!
تو اس کا مطلب ہے اُس کو مار دیں کیا؟
نہیں اب یہ بھی نہیں!
پھر
ارے بھائی وہ شدت پسند لبرل تھا مذہب کے خلاف غیر اخلاقی باتیں کرتا تھا
اچھا!
کیا اچھا؟
بھئی اگر اُس نے کچھ غلط کیا ہے تو ثابت کرو اور نشانِ عبرت بنا دو مگر انصاف اور انسانیت کے تقاضے تو پورے کرو۔
اور پھروہ ایک اُستاد بھی تھا
اُستاد تو پروفیسر حسن ظفر بھی تھے؟
اب یہ کون ہیں؟؟
یہ بھی ایک کردار ہے!
کس کا؟
کراچی کی سیاست کا!
بس ایک اُستاد کا صرف اتنا سا تعارف؟
زیادہ تعارف آج کل خطرے کا باعث ہے
کیوں کیا وہ الطاف حسین کا حامی ہے اس لیے؟
اب یہ مت بولنا کہ یہ الطاف حسین کون ہے!
نہیں، میں جانتا ہوں وہ جس نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے تھے!
نعرےاور ایسی ملتی جلتی باتیں تو اچکزئی سمیت کئی سیاست دانوں نے کی ہیں
ہاں کی ہوں گی مگر اُن پر اُن کا ہاتھ ہے!
کن کا؟
وہ ہی جو اس ملک کے مائی باپ ہیں
اس ملک کے مائی باپ کیا مطلب کیا اس ملک میں آئین اور قانون کے علاوہ کوئی اور مائی باپ ہے؟
ہاں
اچھا اور وہ کون مائی باپ لوگ ہیں؟
وہ نظر نہیں آتے!
کیوں کیا وہ بھی لاپتاہیں؟
نہیں، مگر کر دیتے ہیں
کس کو؟
جس پر انہیں شک ہو جائے
کس قسم کا شک!
آواز اُٹھانے کا
تو کیا آواز اُٹھانا جرم ہے؟
ہاں
اچھا غلطی ہو گئی اب نہیں اُٹھائیں گے آواز!
سنو
کیا؟
آواز ضرور اُٹھاو مگر، کسی کے مذہب، فرقے اور عقائد کے خلاف نہیں ظلم، بے حسی اور ناانصافی کے خلاف!
تو کیا اس چیز پر پیسہ ملے گا؟
نہیں
پھر کیا ملے گا؟
سکون!
تم تو نرے پاگل ہو!
صرف سکون کا کیا اچار ڈالنا ہے!

Facebook Comments

منصور مانی
صحافی، کالم نگار

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply