حافظ صفوان کون ہیں؟۔۔ ثاقب الرحمان

 فیس بک کے بہت بڑے شرارتی کریکٹر سے ملیے. یہ ہمارے دوست، یار، استاد اور جان من حافظ صفوان چوہان Hafiz Safwan ہیں..
جناب بہت ٹیکنیکل آدمی ہیں، یعنی بہت ٹیکنیک سے دوسروں کو ماموں بناتے ہیں اور خود ماموں بنتے ہیں۔آئی ٹی کے ماہر ہیں اور بقول ان کے یہ جانتے ہیں کہ سعودی شہزادے انٹرنیٹ پر کون کون سی ویب سائٹس کھولتے ہیں.. (ہم ٹھہرے شریف بچے اس لئے ان سے دریافت ہی نہیں کیا، البتہ اندازہ یہ ہے کہ zoom tv کی نشریات کو زوم کر کے دیکھتے ہونگے)۔ حافظ صاحب بہت پرانے تبلیغی ہیں. اس ضمن میں فدوی کا تجربہ ،یہ ہے کہ پرانا تبلیغی نئے نویلے تبلیغی کی نسبت کم مہلک ہوتا ہے. پرانے تبلیغی کو دوسروں کے ایمان کی بجائے اپنے نان کی فکر زیادہ ہوتی ہے. یعنی وہ رحمت کی بجائے نعمت پر یقین رکھتے ہیں..

حافظ صاحب ادب دوست اور ادب شناس ادیب ہیں. ان کا اپنا ادب سازی کا “کارخانہ” ہے جس میں اکثر حاجی صاحب اور خوبرو بڑھیا آوارہ گردیاں اور دہشت گردیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں. بہت سارے لوگوں کے لئے اب تک یہ اک بہت بڑا معمہ ہے کہ آخر “عظیم خاتون” صرف انہیں ہی انباکس پیغام کیوں دیتی ہیں… اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ عظیم خاتون کی آیتوں کا نزول صرف حافظ صاحب پہ ہی کیوں ہوتا ہے.. میں جواب میں کہتا ہوں کہ “پھر دل کو مصفا کرو اس لوح پہ شاید” عظیم خواتین کا برقی پیغام اترے۔
حافظ صاحب دل کے اتنے اچھے ہیں کہ خواتین انہیں بالکل بےضرر سمجھتی ہیں. سوشل میڈیا پر جب ان سے ابتدائی دعا سلام ہوئی اور راہ و رسم بڑھی تو ان پر خواتین کے گروہ میں رہنے کا الزام سنا. وجہ پوچھی تو جواب آیا کہ موصوف کی اپنی املی کی کانیں ہیں. اس وقت یہ بات سمجھ میں نہیں آئی. سمجھ میں تو خیر ابھی بھی نہیں آئی۔
بہت سارے لوگ دوسروں کو بلاک کرتے ہیں. حافظ صاحب بلاک کرتے نہیں بلکہ بلاک فرماتے ہیں. ایک دن فخریہ انداز میں کہنے لگے کہ مفتی، فاضل دارالعلوم ،_ کو بلاک کر دیا بہت مزا آیا. ہم نے کہا حافظ صاحب وہ تو بہت متقی شخص ہیں کہنے لگے “اسی لئے تو باوضو ہو کر بلاک کیا تاکہ متقی اور گمراہ میں فرق قائم رہے”…
وٹس ایپ پر خاص دوستوں میں گیان بانٹتے ہیں جو بچوں کے لئے بالکل ناقابل فہم ہوتا ہے. مریم نواز کے اس قدر مداح ہیں کہ اگر اس شہزادی کا سوئمبر ہوتا تو موصوف شہیدوں میں نام لکھوانے پہنچ جاتے…
“محترم حافظ صفوان صاحب مدظلہ” ملتان شریف میں رہتے ہیں اور اسی مناسبت سے میں دو بار خواب میں ان کا بھیجا ہوا سوہن حلوہ وصول کر چکا ہوں… میں ان کی اس کرم فرمائی کا اس قدر مقروض ہوا کہ اگلے ہی دن خواب میں انہیں بہت سارے تحائف بھیج دیئے جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ وصول کئے. حافظ صاحب کا ایک کمال یہ بھی ہے کہ وہ اشاروں کنایوں سے بات سمجھ جاتے ہیں   اور خاموشی سے وہ کام کر جاتے ہیں جو انہیں بہت زیب دیتا ہے اور جس سے مجھ جیسے گنہگاروں کی نگاہ میں ان کا احترام مزید بڑھ جاتا ہے۔
گنہگاروں سے یاد آیا کہ حافظ صاحب اکثر اپنی وال شریف کو نازنینوں کے رقص اور گلوکاروں کے نغموں سے سجاتے ہیں. اس دوران متقین و صالحین سے ہاتھ جوڑ کر دور جانے کی خوبصورت سی درخواست کرتے ہیں.. ان کا ایک اور فنڈا بھی ہے. ان کے بارے میں اکثر لوگوں کو گمان ہے کہ یہ گنہگاروں کو قریب بلاتے ہیں اور پھر ان کو سدھارنے کے لئے الٹی سیدھی پٹیاں پڑھاتے ہیں.. تو یا معشر الگمراہین… ان سے دور رہو. یہ تمہاری عیاشی کے دشمن ہیں…
حافظ صاحب کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

Facebook Comments

ثاقب الرحمٰن
چند شکستہ حروف ، چند بکھرے خیالات ۔۔ یقین سے تہی دست ، گمانوں کے لشکر کا قیدی ۔۔ ۔۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply