کے-ٹو حادثہ اور غیر ملکی کوہ پیما۔۔عمران حیدر تھہیم

جیسا کہ مَیں نے چند دن قبل کچھ دوستوں کے استفسار پر عرض کیا تھا کہ گورے کوہ پیماؤں کی عادت ہے کہ وہ کسی بھی مُہم جُوئی کے دوران کسی بھی ناخُوشگوار واقعے یا حادثے کے متعلق بالکل نہیں بولتے اور خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔ لیکن جُونہی سیزن ختم ہو جاتا ہے یا پھر یہ لوگ جُونہی اپنے اپنے وطن پہنچتے ہیں تو بولنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اب بھی تقریباً ویسا ہی ہو رہا ہے۔
میری اس بات کی تصدیق کےلیے میرا مشورہ ہے کہ جو لوگ انسٹاگرام استعمال کرتے ہیں وہ ذرا مشہور کینیڈین ہائی آلٹیٹیوڈ فوٹوگرافر اور فلم میکر ایلیا سیکلی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ eliasaikaly اور اُنکی تازہ ترین پوسٹ مُلاحظہ کریں۔
یاد رہے کہ ایلیا سیکلی وہی ہیں جنہوں نے 2019 سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ پر نیپالی شرپاؤں اور کمرشل کمپنیوں کی جانب سے کلائنٹس کو خجل کرنے اور پیسے کمانے کے لالچ میں اُن کی زندگیوں کو ہائی آلٹیٹیوڈ پر جان بُوجھ کر خطرات میں ڈالنے سے متعلق آواز بُلند کی تھی۔
نیپالی شرپا دراصل ماؤنٹ ایورسٹ کے ہائیر کیمپس پر غیر مُلکی کلائنٹس کی آکسیجن چوری کر لیتے ہیں اور پھر ڈیتھ زون میں مہنگے داموں بیچ کر مسیحا بننے کا ناٹک کرتے ہیں اور دُنیا کو یہ باور کرواتے ہیں کہ ہم نے ہائی آلٹیٹیوڈ پر اتنے لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ نیچے نیپالی میڈیا بھی ان شرپاؤں کو ہیرو بنا کر پیش کرتا ہے۔ اِس گھناؤنے کھیل میں سارے نہیں لیکن چند ایک امیر شرپاؤں اور اُنکی کمپنیوں کا گروہ ملوّث ہے۔ اُنہی کمپنیوں میں SST بھی شامل ہے جو موجودہ K2 مُہم جُوئی پر بھی کپیسٹی سے زیادہ کلائنٹس لے کر آئی تھی۔
ایلیا سیکلی کینیڈا سے جان سنوری اور علی سدپارہ ٹیم کی کلائمب پر ڈاکیومنٹری بنانے آیا۔ اگر آپ ایلیا سیکلی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر لگی پوسٹس کی ٹائم لائن کا اُسکی پاکستان آمد کے وقت سے مُلاحظہ کریں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ ایلیا ایک بےباک اور صاف گو بندہ ہے۔ K2 حادثے سے قبل ایلیا سیکلی جان سنوری ٹیم کے پیچھے پیچھے 4 فروری کی رات کو نیپالی کمپنی SST کے کلائنٹ کلائمبرز کے بعد کیمپ 3 یعنی 7300 میٹر تک پہنچ چُکا تھا۔ وہاں اُسے معلوم ہوا کہ اُس نے جو آکسیجن کیمپ 3 پر پاکستانی پورٹرز کے ذریعے ڈمپ کروائی تھی وہ وہاں سے نیپالیوں نے چُوری کر لی ہے۔ اس گھمبیر صُورتحال اور اِتنی بُلندی پر موت کے خطرے کو بھانپتے ہوئے ایلیا سیکلی نے اپنی اور اپنے ساتھی پاکستانی پورٹرز کی جان بچانے کی غرض سے عین اُسوقت نیچے آنے کا ہنگامی فیصلہ کیا جب جان سنوری اور علی سدپارہ ٹیم اُوپر جا رہی تھی۔ اپنی اُترائی کے دوران ایلیا نے بلغارین کوہ پیما اتاناس سکاتوف کو اپنی آنکھوں کے سامنے گِرتے اور مرتے دیکھا۔ وہ اس سارے حادثے اور نیپالیوں کے کردار کا چشم دید گواہ ہے۔ اب نیپالی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح ایلیا سیکلی کی آواز دب جائے لیکن میرا اندازہ ہے کہ نہ صرف ایلیا بلکہ بہت سے دوسرے کلائنٹ کوہ پیما آنے والے دنوں میں K2 حادثے پر کُھل کر بولیں گے جبھی ممکن ہوگا کہ اس المناک حادثے کی تفصیلات اور حقیقت سامنے آئے۔ بصورتِ دیگر تو گلگت۔بلتستان حکومت نے ابھی تک اس بابت کسی انکوائری کا نہ تو فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی امکان ظاہر کیا ہے۔۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply