دیکھنے کے لئے صرف آنکھیں ہونا ضروری نہیں۔۔میاں جمشید

ذرا سوچیں کہ آپ ایک مکمل انسان ہیں ،اور دیکھنے کے لئے آنکھیں بھی ہیں جن سے ہمیشہ آپ کوئی بھی چیز آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن ذرا رکیں، اور غور کریں کہ کیا واقعی ایسا ہی ہے؟

چلیں ایک تجربہ کر کے دیکھیں اور خود کو کسی اندھیرے کمرے میں لے کر جائیں اور محسوس کریں کہ آپ آنکھیں ہونے کے  باوجود کیوں نہیں دیکھ پا رہے؟ نظریں جب ٹھیک ہیں تو پھر یہاں آ کر ہم اندھے کیوں بن گئے ہیں؟

تو جناب بات یہ ہے کہ ہمارے دیکھنے کے لئے صرف آنکھوں یا نظر کا ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ ساتھ ہی باہر کی” روشنی” کا ہونا بھی ضروری ہوتا ہے، چاہے وہ روشنی سورج و چاند کی ہو یا کسی روشن بلب کی ۔

اسی طرح ہماری زندگی میں بھی کبھی کبھی اچانک اندھیرا آ ہی جاتا ہے، کبھی پریشانی کی صورت میں ، غم و دکھ، جدائی وغیرہ اور پھر ہم باصلاحیت انسان ہونے کے باوجود رک جاتے ، ڈر جاتے ، رو پڑتے یا اداس ہو جاتے ہیں۔ تب ہمیں اس صورت حال سے نکلنے کے لئے کسی راستے کی تلاش ہوتی ہے جو صرف آس پاس روشنی ہونے کی صورت میں ہی واضح دکھائی دے گا۔

آپ اس بات کو لازمی سمجھیں کہ جس طرح ہمیں ہمیشہ دیکھنے کے لئے روشنی کا انتظام رکھنا پڑتا ہے تو ٹھیک اسی طرح ہمیں اپنے آپ کو “اچھے لوگوں ، اچھی باتوں، کتابوں اور مثبت سوچوں” کے حصار میں رکھنا پڑتا ہے تاکہ کسی پریشانی کے اندھیرے میں یہ سب ہمارے لئے روشنی کا سبب بنیں۔

تو جناب مشکلات میں کسی اپنے اور مثبت لوگوں سے لازمی مشورہ کیا کریں ۔ اس کے علاوہ کتابوں و آرٹیکلز کی مفید باتوں سے مدد لیں ۔ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ آپ کو کوئی اچھا، اپنا، سمجھنے والا، مشورہ و حوصلہ دینے والا نہ ملے۔ اگر واقعی کوئی ایسا نہیں ہے تو پھر آپ خود پہ  غور کریں کہ کیا آپ اس قابل ہیں کہ کوئی آپ کا اپنا بنے؟

اور اگر اپنے آپ میں کوئی کمی و کوتاہی نظر آئے تو اس کو دور کریں ۔ ” میں نہیں مانتا، میں ہی ٹھیک ہمیشہ، میرا کوئی قصور نہیں” وغیرہ والی فضول انا پرست سوچ و اپروچ سے خود کو دور رکھیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

اور آخر میں صرف اتنا ہی کہ یقین مانیں سب سے بہتر روشنی ایمان کی ہوتی ہے جو آپ کے اندر سے نکل کر باہر کے ماحول کو بھی منور کر دیتی ہے اور یہ صرف رب پر مکمل یقین کی صورت میں ہی حاصل ہوتی ہے. پھررب آپ کو ایسے” نائٹ ویژن گلاسز” عطا کرتا ہے کہ مکمل اندھیرے میں بھی نظر آنا شروع ہو جاتا ہے اور جس میں آپ خود تو دیکھتے ہی ہیں، ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی راستہ دکھاتے آگے بڑھتے جاتے ہیں۔

Facebook Comments

میاں جمشید
میاں جمشید مثبت طرزِ زندگی کے مختلف موضوعات پر آگاہی ، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی jamshades پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply