• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • پاکستانی کا کھتارس/جذبہ قربانی اور فضائیہ ہاؤسنگ۔۔ اعظم معراج

پاکستانی کا کھتارس/جذبہ قربانی اور فضائیہ ہاؤسنگ۔۔ اعظم معراج

(فضائیہ ہاؤسنگ کے سویلین پارٹنر کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر ایک پاکستانی کا کھتارس)
جب بھی قربانی کا وقت آتا ہے, پاکستانی چیخنے چلانے لگتے ہیں فضائیہ ہاؤسنگ میں  6 ہزار لوگوں کے چند چند لاکھ لٹنے سے اور اس سے پہلے کوئی دس ہزار لوگ فضائیہ کے شراکت دار اور شراکت داروں کے دس اسٹیٹ ایجنٹوں کی ذہانت سے فارموں پر جوا کروانے سے اس طرح کُل ملا کر اگر کوئی پچیس تیس ارب کا نقصان ہوگیا ہے؟ تو کیا ہوگیا؟ ہے؟ پھر یہ سارا پلاٹوں کی مد میں تھوڑا گیا ہے؟۔

ان میں سے صرف18ارب پلاٹس اور فلیٹس کی مد میں گئے ہیں۔باقی کے چند ارب تو فارموں پر جوا کروانے سے اگر ہزاروں گھرانوں نے نقصان کیا ہے، تو اس میں ائیرفورس اس بلڈر یا ان اسٹیٹ ایجنٹس کا کیا قصور ہے؟ انہوں نے تو آپ کو ریاست کی آنکھوں میں دھول جھونک کر یا مل کر  ایک کسینو کی سہولت مہیا کی، آپ نہ کھیلتے اور اب اگر کچھ پاکستانی اسٹیٹ ایجنٹ گھرانے یہ جوا کروانے سے ارب پتی ہو گئےہیں۔ پھر یہ توضرب الامثل ہے،ہمیشہ سے جوا کروانے والا ہی فائدے میں ہوتا ہے۔  آپ کو ان کا مشکور ہونا چاہیے انہوں نے ریاست کی آنکھوں میں لالچ کا سرمہ  ڈال کر آپ کے لئے وطن عزیز میں ہی لاس ویگاس بنایا۔ورنہ کتنے پاکستانی ہیں جو کسینو دیکھ سکتے  ہیں ،وہ  بھی اپنے دیس میں بیٹھے بٹھائے۔

اب انہوں نے جب اپنی مہارت اور  ذہانت سے یہ کر لیا ہے،تو ظاہر ہے اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی ہوئی ہو گی،کہ اگر چند اہم عہدوں پر لالچی اور بیوقوف(صرف لالچی ہونے سے بھی کام چل سکتا ہے کیونکہ عقل کو لالچ ویسے ہی کھا جاتا ہے) اہلکار دستیاب ہوں تو کیسے اس ملک کے نابغے (جینئس ) بل گیٹوں اور مارک زکر برگوں سے زیادہ دولت کے انبار لگا سکتے ہیں۔

اب یہ بیس پچیس گھرانے دینا میں گھومے پھریں گے تو کیا ملک وقوم کا نام روشن نہیں ہوگا۔؟ لاس ویگاس جائیں گے وہاں سے اور اچھوتے آئیڈز لائیں گے۔پھر جب یہ اپنے رہن سہن کی بدولت پاکستانی معیشت میں حصّہ ڈالیں  گے تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلے گا، انکے بچے دینا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔تو ملک قوم کا نام روشن ہوگا پھر یہ چند لوگ پاکستانی قوم کے لئے رول ماڈل بنیں گے۔ نوجوان نسلوں میں عزم و حوصلے کا سبب بنیں  گے۔۔کہ آؤ ہمت کرو، ملکی سلامتی کے اداروں کو ترغیب دو، انکے نام پر اربوں اس قوم سے کماؤ، چند چند لاکھ کچھ ہزار گھرانوں سے لے کر انہوں نے ایسا بزنس ماڈل پوری قوم کو دیا ہے،جس پر دنیا بھر میں مقالے لکھے جائیں گے۔

لیکن ناعاقبت اندیش نیب نے سنا ہے ان میں سے دو جینئس ترین لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اور اندیشہ ہے کہ  باقیوں کو بھی گرفتار کر کے کے ملک  و قوم کے ان محسنوں کو نشانِ  عبرت بنا کر آئندہ نسلوں کو ڈی مورلاز کرے گی۔تاکہ آئندہ کوئی بڑے بزنس کا سوچے ہی نہ اور نہ ہی اس ملک وقوم کو کوئی بڑی کاروباری شخصیات اور ادارے حاصل ہوں۔

بے شک جب بھی قربانی کا وقت آیا یہ قوم رونے پیٹنے لگتی ہے۔اور اپنی سستی لالچ ،ریاست کی نااہلی کو ذہین لوگوں کے کھاتے میں ڈال دیتی ہے۔بھئ تمہارے تو ،دو ،چار ،دس، بیس یا زیادہ سے زیادہ پچاس لاکھ گئے ہونگے۔لیکن یہ دیکھو   کہ اب وہ چند جینئس   لوگوں کے ہتھے لگ کر باقاعدہ بزنس ایمپائرز کا روپ دھاریں گے تو ملک وقوم  کا اثاثہ اور فخر بنیں گے۔

لہٰذہ آپ یہ جو اجتماعی مفاد میں نہیں سوچ رہے، یہ قوم کے لئے اچھا نہیں۔۔ بلکہ اب آپ چاہ رہے ہوں گے  کہ  ان ائیرفورس افسران اور ان اسٹیٹ ایجنٹس کو بھی نشان عبرت بنایا جائے۔تو یہ بالکل غلط سوچ ہے۔ بےشک قابلِ رحم ہے وہ قوم جو اپنے اپنے خون پسینے کی کمائی، اپنے بڑھاپے کے سہارے کے لئے کی گئی بچت، اپنے بچوں کی تعلیم کے لئے رکھی گئی رقم ،اپنی بچیوں کی شادیوں کے لئے مختص رقم بھی چند قوم کے محسن لوگوں کو معاف نہیں کرسکتی۔

اسی لئے یہ قوم اب تک قابلِ رحم ہے۔ اور ہاں خدارا اس طرح کے جذباتی لفظوں کے سحر سے نکلو کہ۔۔۔
” جن معاشروں میں مجرم کو سزا نہیں ملتی وہ سزا پورے معاشرے کو ملتی ہے۔”

یہ سب کتابی باتیں ہیں۔اور ہاں یہ جو چند جعلی بقراط یہ واویلا کرتے ہیں کہ قومی سلامتی کے ادارے جب ایسے کاموں میں پڑتے ہیں تو کروڑوں ڈالروں کے ہوائی جہاز اڑانے والے فائیٹر پائلٹوں کی بھی توجہ پیشہ ورانہ امور سے زیادہ پلاٹوں کے فارموں کی طرف ہوتی ہے۔تو ان کے لئے اتنا ہی کافی ہے، پینٹاگون اور کریملن ان کاموں میں نہیں بھی پڑے تب بھی افغانستان میں ہارے ہیں۔اور ہم دیکھو ، وہاں سرخرو ہیں۔ ان بقراطوں کو پتہ ہونا چاہیے ہمارے اداروں میں ان سب باتوں پر غور کیا جاتا ہے۔تب ہی تو روز بروزِ ہمارے اداروں سے عام ہم وطن کی محبت بڑھ رہی ہے۔اور پھر دیکھتے نہیں جو معاشرے ان باتوں پر ضروت سے زیادہ یقین رکھتے ہیں ۔کتنے اخلاق باختہ ہو چکے ہیں۔ لہذہ ایسے انتشار پسند لفظوں میں نہ آؤ۔

اٹھوں اور اپنے عظیم لیڈروں کی مدد کرو نیب بند کروانے میں معاشرے سزا و جزا سے نہیں معشیت کےچلنے سے بنتے ہیں۔

یاد کرو کسی عظیم راہنما کے لفظ کہ” نیب اور معشیت اکٹھے چل ہی نہیں سکتے۔”اور پھر چند ائیرفورس افسران کے کورٹ مارشل بلڈروں اور اسٹیٹ ایجنٹوں کے جیل جانے سے معیشت تباہ ہوگی۔اور آج تم جو ہزاروں اپنے اثاثوں اور پونجیوں کے ڈوبنے پر انھیں چور ،لیٹرے،ڈاکو،رہزن ،معاشی دہشتگرد، ننگ آدمیت ،ننگ انسانیت،ریاستی اہل کاروں کے ٹاؤٹ، ٹھگ ،بےغیرت ،بدمعاش،غدار(کیونکہ تم شاید یہ سمجھتے ہو اس سے قومی سلامتی کے ادارے کمزور ہو تے ہیں) کہہ رہے ہو۔ اگر تم نے ان جیسے ہزاروں کو معاف نہ کیا تو پھر معیشت ڈوبنے سے ساری قوم اسی طرح سڑکوں پر روئے گی۔

اور ہاں یہ بھی اپنے من سے نکال دو کہ معیشتیں اور قومیں ایسے ذہین افراد اور ریاست کے اہل کاروں کے گٹھ جوڑ سے تباہ ہوتی ہیں۔ آگے بڑھو اور معاف کر دو انھیں۔ اس سے پہلے کہ  اور گرفتاریاں ہوجائیں۔ اور اس معاشرے کے ذہین ترین لوگ جیلوں میں سڑیں۔ اے قابل رحم قوم ۔۔قربانی دینا سیکھو۔ بے شک قابلِ رحم ہے ، وہ قوم جوآج ملکی معیشت کے واسطے اپنی ذاتی پونجیاں اور اپنی نسلوں کےخواب لوٹنے والوں کو بھی معاف نہیں کرتی۔ اور کل انھی کے بچوں کو اپنے اَن داتا سمجھے گی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

تعارف:اعظم معراج پیشے کے اعتبار سے اسٹیٹ ایجنٹ ہیں ۔15 کتابوں کے مصنف ہیںِ نمایاں تابوں میں پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار، دھرتی جائے کیوں، شناخت نامہ، کئی خط ایک متن پاکستان کے مسیحی معمار ،شان سبز وسفید شامل ہیں۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply