بلبل فقط آواز ہے ،طاؤس فقط رنگ۔۔محمد صالح

     کر بلبل و طاؤس کی تقلید سے توبہ 

     بلبل فقط آواز ہے طاؤس فقط رنگ

قارئینِ کرام درج بالا شعر شاعر ِ مشرق حضرت علامہ اقبالؒ کا ہے، جو آج کی ہماری جنریشن ذی یعنی کہ نسل نو کے لئے پیغام ہے۔  راقم  ذی قدر شاعر کا پیغام کیوں اور کس قدر ضروری ہے بتانے کے لئے ناقص کوشش کرے گا۔ذرائع ابلاغ کی جدیدیت کا دور دورہ ہے ایسے میں انسان ہر لمحہ باخبر ہیں اور دو زندگیاں جی رہے  ہیں، حقیقی زندگی اور تصویری زندگی۔ حقیقی زندگی خدا تعالیٰ  کی عطا کر دہ ہے اور تصویری زندگی اس کے بندوں کی ایجاد ،کیمرہ و سوشل میڈیا کی مرہونِ منت ہے۔ اِک خاص حد تک ہماری ذاتی زندگی، سماجی ابلاغ ( سوشل میڈیا) والی زندگی کچھ عوامل کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔ عوامل میں افراد بھی شامل ہیں، راقم  بالترتیب چیدہ عوامل اور ان سے منسلک ایک خاص پہلو پہ آپکی توجہ مرکوز کروانے کی کوشش کرے گا۔ 

افراد:

یہاں افراد سے مراد ایسے افراد جو اثر و رسوخ رکھتے ہوں۔ ایسے افراد میں صحافی، سیاستدان اور سرگرم سماجی کارکنان، اور سلیبریٹیز(بشمول مذہبی، شوبز) شامل ہیں۔ یہ تمام افراد اپنے اپنے خیالات اور اپنے متعلقہ شعبہ کی اکائیوں کا پرچار کرتے دکھتے ہیں، اس سب کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی سے متعلقہ سرگرمیوں کے بارے اپنے پیروکاروں کو گاہے بگاہے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ صحافی اور علما  حضرات نجی زندگی کو  قدرے کم عوامی زینت بناتے ہیں۔  زیادہ تر شوبز کی شخصیات اپنے پل پل سے مداحوں کو باخبر رکھتے ہیں۔ ذیل میں موجود افراد کی فہرست میں ایک اضافہ کرتا چلوں ، صاحبِ اثر افراد یعنی اِنفلیونسرز! سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی وجہ سے ایسے افراد(انفلیونسرز) کے لئے علیحدہ درجہ موجود ہوتا ہے۔ اس درجہ کے وجود میں آنے کے بعد نمود و نمائش میں ایک خاص حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

درج بالا افراد کی سر گرمیاں:

سیاستدان اپنے سیاسی نظریات کا پرچار کرتے ہیں، صحافی افراد سیاسی خبروں پہ اپنا تجزیہ فرماتے ہیں۔ اس طرح باقی شعبہ جات کے افراد بھی اپنے پیشے کے متعلق اور مختلف موضوعات پہ تبصرہ کرتے ہیں۔ سلیبرٹیز اپنی اداکاری کے پراجیکٹس کی تشہیر کے ساتھ اپنی سفری سرگرمیاں اور اپنی زندگی کے مختلف پہلو دکھاتے اور بتاتے نظر آتے ہیں۔ دوسرے صاحبان کے مداح سلیبرٹیز کی بہ نسبت کافی کم ہیں، یہ تعداد لاکھوں میں ہے، اکثریت قریباً نو عمر بچے، بچیوں اور نوجوانوں کی ہے اور یہ سب۔۔۔نوجوا ن اُنکی زندگیوں کو قریب سے دیکھنے اور اپنانے کے لئے جتن کرتے ہیں۔ اِسی کارِ ناکارہ میں اپنی پہچان اور اصلیت کھوتے جا رہے ہیں، جس سے ضیائے وقت کا عجب نہ  رُکنے  والا  سلسلہ شروع ہو چکا ہے ،جو اصل شخصیت پر اثرات چھوڑ رہا ہے۔

اثرات کیسے مرتب ہو رہے ہیں؟

بد قسمتی سے ہمارے اپنے  بچے   معاشرتی اقدار کی  قدر کھو رہے ہیں اور دوسری تہذیوں کے رواج ہم اندھا دھن اپنائے جا رہے ہیں۔ ہمارے ہاں ذہانت و قابلیت جانچنے کے معیار بدلتے جا رہے ہیں، ہم  دودھیا مائل رنگت کو ایک قابل انسان کی خصوصیات میں سے خصوصیت شمار کرتے ہیں۔ ہمارے  ہاں مغربی تہذیب کو اپنانے کا ایک لُغو سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ہماری شوبز انڈسڑی میں دوسروں کی نقل کوئی نئی بات نہیں چاہے وہ  نقل   لباس کی ہو، کرداروں کی یا مواد کی ۔۔ ہم ہر دوسری آواز کو کلام اور رنگ کو تخلیق کاری کا درجہ دے رہے ہیں یعنی کہ ہم مغربی و ہندو  تہذیب کی ہر اکائی کو اپنی ثقافتی اکائی بنا رہے ہیں۔عبث و واہیات مواد  کی تشہیر اور بے فائدہ رجحانات(ٹرینڈز) کی وجہ سے نسل نوء  میں بے قائدہ طبعی رجحان، نمود و نمائش اور نا معقول مشاغل اور احساس کمتری انکے اذہان میں سرائیت کرتی جا رہی ہے۔

احساس کمتری و برتری کیسے پیدا ہو رہا ہے؟

 ہمارے  نوجوانوں کی  اکثریت اپنی اصل زندگی کو بھی تصویر والے فلٹرز لگا رہے ہیں۔ 

چونکہ وہ سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہیں اور جن کے وہ پیروکار ہیں انکی طرح دکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تصا ویر یادگاری کا ساماں تو ہوتی ہیں لیکن آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ  خریداری کے مراکز   باہر دوسروں کی مہنگی گاڑیوں کے ساتھ لوگ تصویریں بنوا رہے ہوتے ہیں جو انہوں نے محض فیس بک  وغیرہ پہ اپلوڈ کرنی ہوتی ہیں۔ جن کے پاس آرائش کا بہتر ساز و سامان میسر ہے وہ بھی ایسے ہی لگے ہوتے ہیں۔ عمارت دکھانے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کی کوشش میں عوام مصروف ہے۔ جسکے پا س میسر نہیں وہ دوسروں سے برابری کی جستجو میں رہتا ہے۔۔۔ پرسنل گرومنگ کے نام پہ ادا کاروں جیسا دکھنے کی کوشش میں نقالی کی اس روش نے سماج میں سے “ضرورت اور خواہش” کے فرق کو مٹا کر رکھ دیا ہے  اس چیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جن کے ہم پیروکار ہیں، اُنکا لباس، ساز وسامان اور سفری لوازمات اکثرو بیشتر سپانسر ہوتا ہے۔

اقبالؒ کا پیغام:

Advertisements
julia rana solicitors london

اقبالؒ  کی دور اندیشی کو  سلام ہے جنہوں نے کئی سال پہلے قوم کو “بلبل و طاؤس” کی تقلید سے منع فرمایا تھا۔اُنکے وقت میں بھی عوام طاؤس(مور) کے بکھرتے رنگوں  اور اُنکے بول یعنی کہ بلبل کی آواز(فرنگی زبان) سے مسحور ہوتے تھے۔  اور آج صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہے۔ آج تو اندھی تقلید کو “نیو نارمل” بنایا جا رہا ہے۔  سماجی رابطہ کے ذرائع محض دکھلاوے(فلیکس) کی آماجگاہ بنتے جا رہے ہیں اور  اُنکے استعمال کے اصل مقصد سے ہٹ کر بہتر و برتر نظر آنے کی جستجو جاری ہے۔ ہمارے سماج کی بقا اِسی میں ہے کہ ہم بلبل و طاؤس کی تقلید سے اجتناب کر کے نئے زمانے نئے صبح و شام پیدا کریں۔   

Facebook Comments

محمد صالح
آدمی سول انجئینرنگ کا طالبعلم ہے۔ آدمی نے ادب و علم سے شغف کی وجہ سے حال ہی میں لکھنا شروع کیا ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply