شریف خاندان کو فوری گرفتار کیا جائے،آصف زرداری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جاری کیسز کے الزام میں فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ چونکہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف کرپشن کے سنگین مقدمات ہیں لہٰذا انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جانا چاہیے۔تاہم اعلامیے کے مطابق انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ اقتدار میں کسی کو بھی سیاسی قیدی نہیں بنایا گیا۔اعلامیے کے مطابق سابق صدر کا کہنا تھا کہ جس طرح ہمیں احتساب کے عمل سے گزارا گیا تھا شریف خاندان کو بھی احتساب کے اسی عمل سے گزارا جانا چاہیے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی پی پی قیادت کو سیف الرحمٰن (مسلم لیگ ن کے سابق رہنما) کے احتساب بیورو کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا لیکن آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما قومی احتساب بیورو (نیب) کے خلاف ہی باتیں کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک روز قبل نیب کو پاکستان کا سب سے کرپٹ ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اسے سیاست دانوں کا شکار کرنے کے لیے بنایا تھا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply