ورلڈ میموری چیمپئن – پاکستان۔۔عارف انیس

سال نو کے پہلے دن دنیا کو پاکستان کے عالمی چیمپئن دینے کی خبر سے اچھی خبر کیا ہوسکتی ہے! کچھ دیر پہلے ہی ورلڈ میموری چیمپئن شپ کے پریذیڈنٹ سے بات ہوئی, وہی جس نے نومبر میں مجھے “برین آف دی ایئر” کی خبر پہنچائی تھی. اس نے مبارک باد کے ساتھ یہ شاندار خبر دی کہ ٹیم پاکستان نے ورلڈ میموری چیمپئن شپ جیت لی ہے. یہ 30 سال میں اس میدان میں پاکستان کی پہلی عالمی کامیابی ہے, جس کا مجھے تو ایک عشرے سے انتظار تھا۔

آپ میں سے بہت سے لوگوں نے شاید پہلی مرتبہ ورلڈ میموری چیمپئن شپ کے بارے میں سنا ہوگا. ٹونی بیوزان انسانی ذہانت کے اس عظیم مقابلے کا بانی ہے جو باقاعدہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے. .اس چیمپئن شپ کے حوالے سے درجنوں مرتبہ ٹونی بیوزان سے بات ہوئی. بیوزان کو دو مرتبہ پاکستان لے کر آیا تو وہ پاکستانیوں کی ذہانت کا معترف ہوگیا. اس نے پچھلے دس برس میں کئی مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے کہا مگر پاکستانی کھلاڑی ابتدائی مراحل میں ہی ناک آؤٹ ہوجاتے تھے. ہم پاکستانی ویسے تو رٹو طوطے کمال کے ہیں، مگر یہ چیمپئن شپ اور اس کے مراحل بندے کو گھما کر رکھ دیتے ہیں کیونکہ یہ رٹے پر نہیں بلکہ یادداشت کے تخلیقی استعمال پر دھیان دیتے ہیں. .

ایک خواب تھا کہ یہ چیمپئن شپ پاکستان میں کھیلی جائے مگر ہمارے پاس مطلوبہ سہولیات موجود نہیں تھیں. ایک خواب تھا کہ کبھی پاکستان اس چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچے. مگر چین کی مسلسل کامیابی اور ان کے کھلاڑیوں کی برتری دیکھ کر لگتا تھا، پاکستان کو عالمی چیمپئن بننے میں دس، بیس برس لگ جائیں گے. اس میدان پر چینی، کورین اور سنگا پورین کھلاڑیوں نے تسلط جمایا ہوا تھا. پھر انڈین بھی اس میں کود پڑے. پچھلے تین سال میں بریک تھرو ہونا شروع ہوا. 2019 میں پاکستانی ٹیم نے پانچ گولڈ میڈلز جیتے. الحمدللہ 2020 کے آخری دن وہ خواب متشکل ہوگیا. ثانیہ عالم اور اس کی ٹیم نے کمال کر دیا. ایما نے نہ صرف عالمی چیمپئن شپ جیتی بلکہ کئی ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیے جو گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوں گے.

کبھی وقت ہوا تو آپ کو بتاؤں گا کہ اس چیمپئن شپ میں میموری کیسے ٹیسٹ کی جاتی ہے. آپ کو چکر آجائیں گے. آج سے کچھ عشرے سائنسی تجزیہ یہ تھا کہ انسانی دماغ زیادہ سے زیادہ دس چیزیں ایک ترتیب میں یاد کر سکتا ہے. تاہم ان مقابلوں کے ایک حصے میں ابتدا ہی تاش کے باون پتوں کی ترتیب سے ہوتی ہے، جنہیں بالکل اسی ترتیب میں دوبارہ رکھنا ہوتا ہے.

Advertisements
julia rana solicitors london

اس حوالے سے وقت ملتے ہی  کچھ لکھنے کی کوشش کروں گا۔

Facebook Comments