پاکستان کی پیاری سیاسی جماعتیں۔۔زین سہیل وارثی

سیاسی جماعت، سیاسی گروہ بندی کا نام ہے جو کسی بھی خطے میں ریاست کی حکومت میں سیاسی طاقت کے حصول کے لیے تشکیل دی جاتی ہے۔ سیاسی جماعت کسی بھی ریاست میں انتخابی مہم، تعلیمی اداروں میں فعالیت یا پھر عوامی احتجاجی مظاہروں کی مدد سے اپنی موجودگی اور سیاسی طاقت کا اظہار کرتی ہیں۔ سیاسی جماعتیں اکثر اپنے نظریات، منصوبہ جات اور اپنے نقطہ نظر کو تحریری صورت میں عوام کے سامنے پیش کرتی ہیں جو اس جماعت کا منشور کہلاتا ہے جو اس مخصوص سیاسی جماعت کی ذہنیت اور مخصوص اہداف بارے عوام کو آگاہ کرتا ہے۔ اسی منشور اور اہداف کی بنیاد پر ریاست میں سیاسی جماعتوں کے مابین اتحاد بنتے یا پھر ٹوٹتے ہیں۔
ملک پاکستان میں ویسے تو ان گنت سیاسی جماعتیں موجود ہیں مگر یہاں ہم صرف اعلیٰ  پائے کی جماعتوں کا ذکر کریں گے۔

مسلم لیگ پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے مملکت خداداد کی فلاح و بہبود کیلئے نظریہ ضرورت کے تحت ہر دور میں اپنی افزائش نسل پر زور دیا، جمہوری ادوار ہوں یا غیر جمہوری اس جماعت نے اردو کے حروف تہجی کے حساب سے اپنی افزائش نسل کی ہے اور الف سے لیکر ے تک بچوں کو جنم دیا ہے، میری محکمہ بہبود آبادی والوں سے گزارش ہے کہ اس جماعت کے اسقاط حمل کی تجویز کو زیر غور لایا جائے کیونکہ تاحال اس میں سے ش نامی بچے کے جنم کی تیاری کی جا رہی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان کی سیاسی جماعت نہیں ایک فرقہ ہے، جب آپ فرقے  کا حصہ ہوتے ہیں تو عقل و دانش سے عاری ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کے نزدیک بھٹو خاندان ہی سیاست و زندگی کی علامت ہے، اور وہ ہی تمام سیاہ و سفید کے مالک ہیں، وہ سب کچھ کر سکتے ہیں رہ گئی  عوام ان کو بھٹو کو زندہ کرنے کا عَلم ہاتھ میں تھما دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف، یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ ان عطار کے لونڈوں کا جتھہ ہے جو فسطائیت پر یقین رکھتا ہے اور فسطائیوں کے سیاسی عالم گوئیبل کی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ بلآخر وہ سچ لگنے لگے۔

متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے، جو ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور پر یقین کامل رکھتی ہے، کیونکہ یہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے اجماع کی بنیاد پر وجود میں آئی ہے اس لئے اس کے کھانے کے دانت متشدد ہیں اور دکھانے والے نہایت نفیس۔

جماعت اسلامی، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جو تاریخ میں ہمیشہ ظالم کی حمایت اور مظلوم کی دادرسی کرتی نظر آئے گی، ان کی مدبرانہ سوچ اس بات کی عکاس ہے کہ انسان کو زندگی میں ہر صغیرہ و کبیرہ گناہ کرنا چاہیے، مگر نماز پانچ وقت ادا کرنی چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جو ہر حکومت کا عقد پڑھانے کے لئے پہنچ جاتی ہے اور اپنی اجرت وصول پا کر اس پتلی گلی سے نکل جاتی ہے جہاں سے نکلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

Advertisements
julia rana solicitors

پاکستان میں ایک اور سیاسی جماعت ایسی بھی ہے جس کا کوئی مرکزی دفتر اب تک تو پاکستان میں درج نہیں البتہ ان کے گھر کے چار دروازے ہیں اور وہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو دروازہ نمبر 4 سے شرف ملاقات بخشتے ہیں، ہاں کبھی کبھی دل کرے تو غداری کے فتوے  بھی جاری کرتے ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply