قائداعظم کی سالگرہ مبارک۔۔محمد احسان وہرہ

بانئِ پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا جنم دن سب پاکستانیوں کو مبارک ہو۔
جی میرے سب ہم وطن پاکستانیوں کو مبارک ہو۔
ہاں ہاں بھئی! سب کو، جو بھی قائداعظم سے اور اس پاکستان سے محبت کرتے ہیں جو قائد نے ہمیں دیا تھا۔
سوری کیا کہا؟ آپ پاکستانی ہیں۔ آپ پاکستان میں رہتے ہیں۔۔۔ جی جی بالکل آپ پاکستان کے ہی شہری ہیں، اس میں بھلا کیا شک ہو سکتا ہے۔۔۔۔جی کیوں نہیں آپ خود کو پاکستانی کہلوا سکتے ہیں یہ آپ کا بنیادی, شہری اور آئینی حق ہے اور اسی حق کی خاطر ہی تو قائد نے یہ ملک حاصل کیا تھا۔
جی فرمائیں کیا کہنا ہے پھر آپ کو؟ اچھا اچھا میں جانتا ہوں آپ نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی۔
جی آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں اور مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ آپ نے اسے پلیدستان بھی پکارا تھا۔
ارے بھئی کون انکار کر رہا ہے؟ میں جانتا ہوں آپ مجبور تھے اور آپ کو اسے بطور ایک لونڈی ہی کے تو قبول کرنا پڑا تھا۔
اوہو! یہ بھی بھلا کوئی بتانے کی بات ہے سبھی جانتے ہیں کہ آپ انہیں کافرِاعظم بھی پکارتے تھے۔
بالکل بالکل اور پھر یہ کام آپ نے مسلسل جاری بھی رکھا۔ ماشااللہ آپ نے پھر کافر قرار دینے کا سلسلہ روکا بھی تو نہیں بلکہ لاکھوں چھوٹے بڑے کافر بنائے ہیں۔
جی کیا کہا تھوڑا اونچا بولیے؟ اچھا کان میں بتانا ہے؟ اوکے بتائیے! اوہو یہ بھی کوئی ڈھکی چھپی بات ہے، صاف نظر آتا ہے کہ آپ اسے پلیدستان بنانے کے لئے پورے اخلاص سے کام کرتے چلے آ رہے ہیں۔
جی جی! آپ کے لئے نہیں ہے بالکل نہیں ہے، آپ فکر نہ کریں یہ مبارک باد آپ کے لئے نہیں ہے۔ معذرت چاہتا ہوں آپ کی نیند خراب ہوئی آپ سو جائیں اور اس ملک کی بربادی کے نت نئے خواب دیکھیں ۔
جی آپ کا کیا مسئلہ ہے؟ آپ کیوں بے چین ہورہے ہیں؟ نہ بابا نہ۔۔۔۔ اتنا نہ تلملائیں نہ جی نہ یہ مبارک باد آپ کے لئے بھی نہیں ۔
جی جی آپ درست کہہ رہے ہیں اصل میں قائد کو اندازہ ہی نہیں تھا ۔ بوڑھے تھے نا بیچارے، بیسویں صدی کے تقاضے سمجھتے ہوتے تو جمہوریت کا راگ نہ الآپتے ۔۔

جی کیا؟ کچھ سنائی نہیں دے رہا ۔ اتنے شور میں کیا بات ہوسکتی ہے مگر یہ شور ہے کیسا؟ اوہو! اچھا تو بوٹوں کا شور ہے یہ۔ زبردست جناب زبردست، یہ ہوئی نا بات! جب لاکھوں جوان ایک ساتھ مارچ کریں تو شور تو ہوگا نا!
جی میں اب سمجھ گیا ملک و قوم کی ساری ترقی کا راز تو طاقت ہی میں تو مضمر ہے نا ۔
کیوں نہیں جناب عالی! آپ کی بات میں وزن ہے۔ طاقت کے اصل اظہار کا ذریعہ مارشل لاء ہی تو ہے ۔ سب پر رعب بھی رہتا ہے اور سب کام بھی ٹھیک سے ہو جاتے ہیں، کون بلڈی سویلین انکاری ہے اس حقیقت سے۔

اجی مان تو رہا ہوں اور کیسے مانوں؟ ایسے نہیں تو کیسے؟ نہ بابا یہ مجھ سے نہیں ہوگا ۔ بھئی وہ بابائے قوم کی ہمشیرہ تھیں اور میرے لئے قابل احترام ہیں۔ قائد ان سے بہت پیار کرتے تھے میں انہیں غدّار کیسے کہہ سکتا ہوں؟
تو کیا ایک جرنیل کے مقابلہ پر انتخاب لڑنا جمہوریت نہیں ہے؟
مگر وہ تو مادر ملت ہیں نا! نہیں بالکل نہیں۔۔۔ میں ایسا ہر گز نہیں کہوں گا آپ یہ لاٹھی کی طاقت مجھ پر کیوں استعمال کر رہے ہیں؟ میں نے تو بس حضرت قائداعظم کے جنم دن کی مبارک باد ہی تو دی ہے۔

اور ہاں جمہوریت کی بالا دستی ہی پر تو یقین رکھتا ہوں، تو کیا پھر میں بھی غدار ہوں؟
کیا پھر قائد بھی غدار تھے؟

اچھا وہ کیوں نہیں؟ اچھا اچھا! اس لئے کہ آپ تو قائد کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کرتے ہیں۔ سارا سال حفاظت کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں اور آج بھی تو ان کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب ٹی وی پر لائیو دکھا کر قوم پر فوج کا دبدبہ بٹھانے کی کوشش کریں گے۔

جی میں اب سمجھ گیا ۔ مگر آپ قائد کو بھی تو سمجھا دیتے نا، وہ بیچارے تو کیا آج ہم میں سے بھی بہت سے بیوقوف ایسے ہیں جو ففتھ جنریشن اور ہائبرڈ وار کو ہی نہیں سمجھتے۔

جی بالکل ٹھیک کہا یہ مبارک باد آپ کے لئے بھی نہیں بالکل نہیں ہے۔ اب کسی بھی نام نہاد جمہوری لیڈر کے جنم دن کی مبارک باد نہیں دوں گا آپ کو، بس چودہ اگست ہی کی مبارک باد دیا کروں گا اور چھ اگست کو زوردار سیلوٹ بھی مارا کروں گا ۔

جناب آپ کس کے انتظار میں ہیں؟ کیوں کیا ہوا؟ آپ تو جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ سول بالادستی کا علم اٹھایا ہوا ہے نا آپ نے۔ آپ کو حضرت قائداعظم کے جنم دن کی مبارک باد پر اتنا غصّہ کیوں ہے؟ بھئ کچھ سمجھ نہیں آ رہی جو کہنا ہے آپ نے وہ ذرا کھل کر کہہ دیں۔

اچھا تو آپ کا مسئلہ قائد کا سیکولر ہونا تھا۔۔۔۔ کیا کہا؟ سیکولر نہیں لادین تھے وہ؟ اچھا اچھا میں سن رہا ہوں آپ بات جاری رکھیں۔۔۔۔مگر اس میں کیا غلطی تھی قائد کی؟ چوہدری ظفراللہ خان تو  قابل ہی اتنے تھے اور تحریک پاکستان کے لئے ان کی خدمات بھی تو دیکھیں نا۔ قائد اعظم کا انھیں وزرات خارجہ کا قلم دان دینا تو بنتا ہی تھا۔

ہاں ہاں! میں جانتا ہوں قائد نے تو دوسرے بہت سے غیرمسلم راہنماؤں کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی تھیں ۔ مگر وہ سب بھی تو پاکستان کے ساتھ مخلص تھے ۔

کیا کہا، کیا کہا؟ وہ کافر تھے؟؟ مگر قائد نے تو کہا تھا کہ ریاست کا کسی کے عقیدہ اور مذہب سے کوئی سروکار نہیں اور 11 اگست کی تقریر میں بھی تو قائد نے۔۔کیا؟ ذرا اونچی بولیے! ہاں اب آواز آ رہی، کیا فرما رہے ہیں آپ؟ ہاں ہاں راز کی بات ہے، اوکے! مگر ہے کیا فرمائیے۔۔اوہ اچھا تو آپ ہی نے وہ تقریر غائب کی تھی۔۔۔ ہوں۔۔۔۔ مگر جناب اب تو وہ تقریر سب تک پہنچ چکی ہے، سب دیکھ چکے، سب سن چکے ہیں۔

اور ہاں یہ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں آپ کی یہ ستر سالہ کوششیں تو رنگ لے آئی ہیں اس کا واضح ثبوت سوشل میڈیا پر بھی نظر آتا ہے بس اب اتنا کریں کہ قائد کی کچھ داڑھی والی تصاویر وائرل کر دیں۔

ایک بات کہوں ناراض تو نہیں ہوں گے؟ لگے ہاتھوں شیعوں کا 90 سالہ اوہ سوری! 1390 سالہ مسئلہ بھی حل کر دیں یہ جو جناح تھے نا! ایک تو سیکولر اور اوپر سے شیعہ!
آپ ناراض نہ ہوں آپ سول بالادستی اور جمہوریت کا کھیل کھیلتے رہیں یہ مبارک باد آپ کے لئے بھی نہیں ہے۔

جی جی! آپ کی بات بھی سن لیتا ہوں۔ آپ کو بھی قائد کے جنم دن کی مبارک باد پر اعتراض ہے؟ ۔۔۔ نہیں؟ ۔۔۔۔تو پھر کیا بات ہے؟

جی جی! قائداعظم بھی تو قانون دان ہی تھے۔ جی؟ جی بالکل وہ ایک اچھے پڑھے لکھے وکیل بھی تھے، اچھی پریکٹس چلتی تھی ان کی ماشااللہ۔

جناب! میں سن رہا ہوں آپ کہیے  کیا کہنا ہے اس حوالہ سے؟
اچھا جناب تو کیا قانون کی حکمرانی کی جدوجہد گناہ ہے جو آپ قائد سے اتنا خفا ہیں۔ پاکستان کے قیام کی تو پوری جدوجہد ہی جمہوری اور قانونی نظام کا اندر رہ کر کی گئی تھی۔ اچھا اچھا! تو وہ ہڑتالیں نہیں کرتے تھے۔۔۔۔ ہوں! مگر تب بار اور عدالتیں بھی تو اپنا کام جانفشانی سے کرتی تھیں۔ مؤکلوں سے فیسیں لے کر مقدمات تو التوا میں نہیں ڈالے جاتے تھے نا۔

جی یہ بات آپ کی درست ہے۔ شاید اس وقت یہ سب قانون کے نصاب میں نہیں ہوگا ورنہ وہ ضرور ہسپتالوں پر حملہ کرنے میں پہل کرتے اور ڈاکٹروں کا منہ اپنے ہاتھوں سے توڑتے آپ اس بات پر انہیں قصور وار مت ٹھہرائیں وہ ذرا پرانے قسم کے وکیل تھے نا، بس۔

جی مائی لارڈ! آپ کی بات بھی یقیناً اہم ہوگی، کہیے آپ کیا فرماتے ہیں؟ اچھا اگر وہ جج بن جاتے تو کیا ہوتا؟۔۔۔۔ واقعی! نہیں میں نہیں مانتا۔ یعنی آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایک اچھا جج وہ ہوتا ہے جو سائل کی مالی اور سماجی حیثیت کے مطابق فیصلہ دے اور قائداعظم ان باتوں پر یقین نہیں رکھتے تھے۔۔۔۔ میرا خیال ہے کہ وہ برٹش انڈیا کی عدالتوں کے عادی تھے نا۔۔۔ انہیں کیا پتہ تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انصاف بیچنا ہی تو اصل حب الوطنی اور قوم کی اصلاح کا واحد حل ہے۔ بالکل آپ کے قائد کے بارے میں خدشات بالکل درست ہیں، وہ جج ہوتے تو امیر غریب سب کے لئے عدلیہ کے دروازے یکساں کھلے رکھتے، جو یقیناً انصاف کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ کا باعث ہوتا ۔۔۔۔ آپ کا بھی حق ہے، آپ بھی یہ مبارک باد قبول نہ کریں۔

جی جی! آپ سب لوگوں کی بات بھی میں سمجھ رہا ہوں آپ عوام ہیں اور آپ ہی تو اس ملک کی اصل طاقت ہیں۔ جی جی! جی بالکل میں آپ سب کی ایک ایک بات سے متفق ہوں۔ جی آج قائد اعظم ہمارے درمیان ہوتے تو وہ، وہ کچھ نہ کرتے جو ہم سب کرتے ہیں۔ وہ قانون نہ توڑتے، وہ پورا تولتے، وہ قطار بنا کر انتظار کرنے کا کہتے۔ وہ ٹریفک ڈسپلن پر یقین رکھتے۔ وہ ملاوٹ کرنے اور جعلی ادویات کے خلاف بولتے، وہ ٹیکس چوری نہ کرتے، وہ بجلی کی تاروں پر کنڈے نہ ڈالتے، وہ گلی میں کوڑا بھی نہ پھینکتے۔ وہ دفتر وقت پر پہنچتے۔ وہ جہیز نہ لانے پر بہو کو بھی زندہ نہ جلاتے۔ وہ بچوں کو اغوا بھی نہ کرتے۔ وہ فرقہ وارانہ فسادات کا حصہ نہ بنتے۔ وہ کافر کافر شیعہ کافر کی رٹ بھی نہ لگاتے۔ وہ قادیانیوں کی عبادت گاہوں کو آگ نہ لگاتے۔ وہ ہالینڈ میں قرآن کی بے حرمتی پر بھی لاہور میں شہری املاک کو نقصان نہ پہنچاتے۔ وہ اپنا ووٹ چند روپے میں نہ بیچتے۔ وہ فوجی ڈکٹیٹرز پر تنقید کرنے والوں پر غداری کے فتوے نہ لگاتے وہ عمران خان اور نواز شریف کی شان میں کچھ کہہ دینے پر سرعام پگڑیاں نہ اچھالتے۔

Advertisements
julia rana solicitors

وہ اپنی ناکامیوں اور غلطیوں پر یہود و نصارٰی کو الزام نہ دیتے وہ لسانی, صوبائی اور نسلی امتیاز پر بھی یقین نہ رکھتے۔۔۔۔ جی جی! مجھے آپ سب سے پورا پورا اتفاق ہے کہ وہ صرف باتیں ہی نہ کرتے بلکہ کام کام اور بس کام پر عمل کر کے دکھاتے اور اتحاد ایمان اور تنظیم کا عملی نمونہ ہوتے۔۔۔ آپ پریشان نہ ہوں! آپ تو پاکستان کے عوام ہیں آپ ہی تو اصل طاقت ہیں اس ملک و ملت کی۔ آپ اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجدیں آباد رکھیں، یہ بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی مبارک باد آپ کے لئے بھی نہیں ہے یہ تو صرف پاکستانیوں کے لئے ہے جی صرف پاکستانیوں کے لئے، قائد کے پاکستان کے پاکستانیوں کے لئے۔ ہے کوئی جو یہ مبارک باد وصول کرنا چاہتا ہو؟؟

Facebook Comments