ایکڑ آف ڈائمنڈز۔۔عار ف انیس

“تم جانتے ہو کہ آخر عورتوں کو ہیرے کیوں پسند ہیں؟”۔ اس نے ایک طائرانہ نظر اپنی طرف متوجہ ہجوم پر ڈالی اور پوچھا۔ اس کا سوال سن کر کئی پیشانیاں شکن آلود ہوگئیں۔
“اس لیے کہ ہیرے قدرت کی سب سے بہترین معدنیاتی تخلیق ہے۔ جب کہ عورت خداوند کی سب سے خوبصورت حیوانی تخلیق ہے۔ یوں بہترین، بہترین کو اپنی طرف کھینچتا ہے”۔ اس نے اپنی طرف سے یہ معمہ حل کردیا اور کئی ناظرین کو سر ہلاتے دیکھا۔
پھر اس نے انہیں الحفیظ کی ہیرے کے کھیتوں والی کہانی سنائی۔
الحفیظ، دریائے سندھ کے کنارے طویل جائیداد کا مالک تھا۔ اس کی جاگیر میں پھل تھے، پھول تھے، باغات تھے، نہریں تھیں۔ وہ اپنے حساب کتاب سے علاقے کا بڑا چوہدری تھا اور شان سے زندگی گزار رہا تھا۔ مگر شاید اس کی قسمت میں کچھ مختلف لکھا تھا کہ ایک دن اس کی ملاقات اس سائیں لوک بدھ بھکشو سے ہوگئی جو کئی ملکوں کی خاک چھانتا ہوا اس کی جاگیر تک آن پہنچا تھا۔ ایک رات بکرے کی سجی پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے اس پنکھ پکھیرو نے ہیرے کی کہانی شروع کردی تھی اور جب ہیروں کی کہانی شروع ہوجائے تو تاریخ گواہ ہے کہ کچھ نہ کچھ دنگا ہو کر رہتا ہے۔
الحفیظ پر ہیروں کی کہانی سن کر سحر سا طاری ہوگیا۔ اس نے بھکشو سے لاتعداد سوالات پوچھے۔ اس نے زندگی بھیر کوئی ہیرا نہیں دیکھا تھا۔ اس رات اس کے لیے سونا دشوار ہوگیا۔ وہ ایک ایسی چیز کی محبت میں گرفتار ہو چکا تھا جس کے بارے میں وہ بہت کم جانتا تھا۔ مگر اسے یقین تھا کہ اگر وہ ہیروں کی کان تک پہنچ گیا تو پھر اس دنیا کس سب سے طاقتور اور امیر ترین انسان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
الحفیط سے نیند اور چین روٹھ گیا۔ اس کی جاگیر، اونٹ، گھوڑے، باغات اور ساری نعمتیں ہیچ لگنے لگیں۔ اسے محسوس ہوا کہ ہیروں کی کان پر تصرف جمائے بغیر وہ غربت میں لپٹا ہونا شخص ہے، جس کی عسرت سے اس کے گردونواح کے لوگ آگاہ نہیں ہیں، مگر وہ خود جانتا ہے کہ اس کے پلے کچھ نہیں ہے۔ انسانی دماغ بھی عجب چیز ہے۔ اس پر کچھ چھا جائے تو عقل پر پردہ پڑ جاتا ہے۔ اگلے کچھ مہینوں میں الحفیط نے اپنی ساری جاگیر فروخت کر دی اور ہیروں کی تلاش کے لیے ایک مہم تشکیل دے دی۔
اگلے کئی سال درد اور مشقت لے سال تھے۔ الحفیظ کی مہم کا آغاز تو دھوم دھام سے ہوا اور وہ پہاڑوں، ندیوں، دریاؤں اور صحراؤں میں ہیرے ڈھونڈتا رہا۔ پھر رفتہ رفتہ اس کا قافلہ ہلکا ہوتا گیا، اس کے پاس موجود ذرائع ختم ہونے لگے، اور ایک دن ایسا آیا کہ وہ اس مہم میں اکیلا رہ گیا۔ کہتے ہیں کہ ایک دن ایک پردرد صحرا میں بھوک، پیاس اور تھکن کے مارے اس نے اپنے آپ کو نخلستان کے پانیوں میں ڈوب لیا۔
الحفیظ کی جاگیر کچھ عرصہ تک بے آباد پڑی رہی۔ ایک دن اس کے نئے مالک نے اسے بسانے کا فیصلہ کیا اور بہت سے اونٹ اس مقصد کے لیے لائے گئے۔ نیا مالک اونٹوں کو پانی پلانے کے لیے نکلا۔ جب اس کے خدمت گزار اونٹوں کو پانی پلا رہے تھے تو اس نے پانی میں کوئی دمکتا ہوا پتھر دیکھا۔ تجسس کے مارے اسے اٹھایا اور اپنی جیب میں ڈال لیا۔ یہ ایک کالے رنگ کا پتھر تھا جس میں سے شعائیں نکل رہی تھیں۔ گھر آکر اس نے اسے آتشدان کے پاس رکھ دیا اور بھول گیا۔
مہینوں بعد اس سائیں لوک کا گزر دوبارہ اس علاقے دے ہوا اور اس کی مہمان خانے میں خاطر مدارت کی گئی۔ باتوں باتوں میں اس کی نظر اس دمکتے ہوئے کالے پتھر پر پڑی تو وہ چونک اٹھا اور پوچھا کہ کیا الحفیظ واپس آچکا ہے۔ نئے مالک نے بتایا کہ نہیں اور پھر اسے پتھر کے ملنے کی کہانی سنائی۔ بھکشو نے آس کالے پتھر کو اٹھا کر خوب جانچا، پرکھا اور پھر اس کے منہ سے سسکاریاں سی نکلنے لگیں۔ وہ آپکی زندگی میں خام شکل کا سب سے بڑا ہیرا دیکھ رہا تھا۔ اس نے نئے مالک کو ہیروں کے بارے میں بتایا اور اس کے ساتھ جا کر پانی کے ذخیرے اور آس پاس کھدائی شروع کرا دی۔ معلوم ہوا کہ ایکڑوں تک پھیلے کھیتوں کے نیچے ہیروں کا سب سے بڑا خزانہ موجود ہے۔ یوں گولکنڈہ کے ہیروں کی کانوں کی بنیاد رکھی گئی جو دنیا میں سب سے بیش قیمت ہیروں کی سب سے بڑی دریافت تھی۔
ہیروں کے ایکڑوں کی کہانی کا نتیجہ بہت سادہ سا ہے۔ جہاں موجود ہو، جن لوگوں کے ساتھ موجود ہو، جس جگہ موجود ہو، وہیں خزانہ موجود ہے۔ ہاں بس یہ ہے کہ ہم اپنی منجی کے نیچے ڈانگ نہیں پھیرتے، اپنے صحن میں کھدائی نہیں کرتے۔ ہم امکانات کو کہیں اور کھوجتے ہیں اور اپنی زمین کے نیچے جھانکنا گوارا نہیں کرتے جس کی وجہ سے ہم مواقع اپنے ہاتھوں سے گنوا بیٹھتے ہیں۔ کوئی اور وہ کھدائی کرتا ہے تو وہ وہیں سے نئی دنیا پیدا کرلیتا ہے۔
دوسرا نتیجہ بھی واضح ہے کہ ہیرے کو پرکھنے والی آنکھ بھی ہیرے جتنی ضروری ہے۔ تبھی تو مربی، مرشد، مینٹور اور استاد کی ضرورت ہے۔ ورنہ الحفیظ کو ہیروں کا سب سے بڑا خزانہ چھوڑ کر دربدر نہ ہونا پڑتا۔ یہ جاننا کہ ہم کس کان کے اوپر بیٹھے ہیں، ایک اور بڑی مہارت ہے جس کے لیے لازمی ہے کہ انسان کی آنکھ اس کے اپنے اوپر کھل جائے۔
الحفیظ کو ہیروں کے لالچ میں اپنی جاگیر بیچنے سے پہلے بہت کچھ کرلینا چاہیے تھا۔ سب سے پہلے تو اسے یہ سیکھنے کی ضرورت تھی کہ وہ ہیرے کی جانچ کا علم حاصل کرتا، پھر پتہ کرتا کہ وہ کس طرح کی زمینوں پر پائے جاتے ہیں، پھر بہترین ہوتا وہ کسی اور صاحب علم سے ہاتھ ملاتا اور مل جل کر وہ سارے مالامال ہوجاتے۔
ایک اور سبق بھی ہے۔ اگر آپ کو معلوم نہیں ہے کہ آپ کسے تلاش کر رہے ہیں تو اسے پانا ناممکن ہوجائے گا۔
یا پھر سب سے بڑا سبق ایک اور ہے۔ تم پہلے سے ہی ہیروں کی کان کے اندر موجود ہو۔ ہیروں کی کان میں ہی پیدا ہوئے ہو۔ اب بس کان کنی سیکھو ۔ صاحب علم لوگوں سے ہیروں کی کان کنی سیکھو۔ کان کنی سے مراد ان مختلف مسائل کا علاج دریافت کرنا ہے جو ہمارے ارد گرد موجود ہیں۔ یہ ذہن میں رکھیں دنیا کے اکثر ارب پتی کسی نہ کسی مسئلے کا حل فراہم کر کے وہاں پہنچے ہیں۔ تاہم یاد رکھو ہیروں سے مراد صرف مال و دولت نہیں،جسم، عقل اور روح کے معاملات میں مہارت اور ماسٹری بھی ہے۔ اگر تم نے خاک چھاننے میں، کان کنی میں مہارت حاصل کر لی تو پھر تم خود ایک ہیرا بن جاؤ گے جو جتنا کٹتا جائے گا، اس کی روشنی اور قیمت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔
( یہ شاندار کہانی امریکی پادری اور مصنف رسل کارنویل کی داستان “ایکڑ آف ڈائمنڈز” سے ماخوذ ہے جو اس نے 1869 میں سنانی شروع کی تھی۔ اس نے یہی داستان سنا کر لاکھوں ڈالرز اکٹھے کیے اور ساری رقم ٹیمپل یونیورسٹی کے قیام پر خرچ کر دی)

Facebook Comments