​گیارہواں طاعون۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

کہا جاتا ہے کہ فرعون ِ مصر نے ایک پیش بین کی آنکھیں ، جس نے طاعون کے نازل ہونے کی پیشین گوئی کی تھی، گرم سلائیوں سے اندھی کروا دی تھیں!
۔۔۔۔۔۔

میری آنکھوں کو اندھا کرنے کی خاطر
گرم سلائیاں لے کر آئے ہو تو سن لو
میری آنکھوں کو ان گرم سلائیوں سے اب کیا خطرہ ہے
مصر کے دس طاعون تو بینائی سے عاری میری آنکھیں
صدیوں پہلے دیکھ چکی ہیں۔۔
خاک و خون میں لتھڑے ابولہول کے لشکر
جن کے لاشے پٹے پڑے تھے اہراموں کے چاروں جانب
ریگستانوں میں بہتی تھیں خون کی نہریں
تیل میں آگ کی جلتی لہریں۔۔
دس طاعون جو باری باری سے آئے تھے
لاکھوں جانیں لے کر آخر لوٹ گئے تھے

اپنی بینائی کھو کر میں
اندر کی آنکھوں سے سب کچھ دیکھ رہا ہوں
دیکھ رہا ہوں
اک طوفان جو چپکے چپکے
چین کی سرحد سے آگے بڑھتا بڑھتا ا ب
باقی کی دنیا پر مردہ خور پرندوں جیسا
چڑھ آیا ہے۔۔
اس طاعون میں ایک اکیلا امریکہ تو کیا
اس دنیا کی ساری دھرتی
زندہ لاشوں کی مانند بکھرتے انساں
دریاؤں کے پاٹ، خلیجیں اور جزیرے
صرف موت کا منظر نامہ پیش کریں گے

Advertisements
julia rana solicitors london

میں شاعر، اک پیش بین ہوں آج کا لوگو
اس طاعون کو میری آنکھیں
اپنی اندھی حالت میں بھی
پر پھیلائے اڑتا آتا دیکھ رہی ہیں!

Facebook Comments

ستیہ پال آنند
شاعر، مصنف اور دھرتی کا سچا بیٹا

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply