افلالوط کی حمد۔۔۔۔۔علی محمد فرشی

افلاطون کے بعد

سب سے بڑا دماغ
افلالوط کو ملا

اُس نے سمندروں کے آگے
بند باندھے کا راز دریافت کیا
اسی نے معلوم کیاتھا کہ
وقت اندھا ہوتا ہے
اور بہرا بھی
پھر اُس نے وقت کا
بایاں بازو بھی توڑ دیا
کہ ایک ہی کافی و شافی ہے
وہ کر سکتا تھا
بادلوں کو قید
اُن سلاخوں کے پیچھے
گھپ اندھیرے میں
جہاں اندھی دانش کا پہرا تھا

یہ شکتی اسے سال ہال
فراعین کے کپورے
ٹکا ٹک کھانے کے بعد ملی تھی
زمین کی گیند
اُس کے بلے سے مس کرجاتی تو
وقت کے گراؤنڈ سے باہر جا کر گرتی
پھر!
ایک جادو گرنی نے
اُس کی عقل کو
چوہیا بنا دیا!

Advertisements
julia rana solicitors london

اب تمام خفیہ اور اعلانیہ قوتیں
اسے تلا ش کر رہی ہیں
جنگلوں، پہاڑوں ،بحروں، بحیروں
اور بحریہ کی ستر منزلہ عمارتوں میں
جب کہ وہ
بوٹوں کے گودام میں چھپی
تسمے کتر رہی ہے!

Facebook Comments