ٹورسٹ گائیڈ۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

میں بھی ٹورسٹ گائیڈ ہوں
میں آپ کو
اے صاحبو
یہ گنبد و مینار
یہ اونچی فصیلیں
لال قلعے
سنگ مرمر کے جھروکے
بیگموں کے حوض
خاص و عام کے دیوان
تخت و تاج
کلغی
جبہّ و دستار
بڑھتے لشکر ِ جرار
یعنی ملک کی تاریخ کی عظمت کے شاہد
خوبصورت، دلربا منظر دکھاؤں گا

ہمارے ملک کی تاریخ بھی تو
بادشاہوں، شاہزادوں
ظل ِ سبحانی کے بھا ئیوں
بیٹوں، پوتوں کی لڑائیوں
نصرتوں، پسپائیوں
کی خون جیسی روشنائی
سے عبارت کی گئی ہے۔

کون جانے
کس محل کے ہشت پہلو شیش گنبد میں  جڑے
شیشوں کے ٹکڑوں میں چمکتی
آئینہ بندی میں
کس طناز کے نازک بدن کے
زاویے پرکھے گئے

کون جانے
کس سبک رو، برق پا غزال کی
پازیب کے گھنگھرو
کلائی میں بندھے گجرے
ہوس کاری میں کس ظل ِ الہی کی جہاں بانی
تلے روندے گئے

کون جانے
ابروئے شہ کے کسی ہلکے اشارے پر
نیاموں سے جو تلواریں نکل کر تن گئیں
ان سے کہاں، کس صحنچی، دالان، گھر میں
کتنے معصوموں کے سر کاٹے گئے

کون جانے
ایک قتل ِ عام میں
بچوں، بزرگوں، بیٹوں، بھائیوں
کے تڑپتے جسم کیسے
نذر آتش ہو گئے

شاہزادوں
صوبے داروں
باغیوں کے عزم
سرکردہ علَم
قلعوں کی دیواروں پہ توپوں کی دنا دن
بر سر پیکار، باغی بھائی ، بیٹے
سازشیں محلوں میں
قتل ِ عام شہروں میں
۔۔ولی عہدوں کو تخت و تاج دلواتے ہوئے
جاں سے گئے ماوٗں کے بیٹے
بھوکے ننگے لوگ
تاوانوں، خراجوں میں بندھی
بے حال مردوں، عورتوں کی سینکڑوں نسلیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

صاحبو
آپ کے پیش نظر ہیں
گنبد و مینار
یہ اونچی فصیلیں
لال قلعے
بیگموں کے حوض
تخت و تاج
خاص و عام کے دیوان
سارے خوبصورت دلربا منظر
ہمارے ملک کی تاریخ کی عظمت کے شاہد
کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لو، صاحبو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ کے پیش ِ نظر ہیں

Facebook Comments

ستیہ پال آنند
شاعر، مصنف اور دھرتی کا سچا بیٹا