• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • انسانیت خطرہ میں اور اقوام متحدہ کا لونڈی کا کردار۔۔انعام الحق

انسانیت خطرہ میں اور اقوام متحدہ کا لونڈی کا کردار۔۔انعام الحق

دنیا کے بڑے مسائل میں امن وامان کا قیام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے اور اسکے بعد ہرجاندار کے حقوق بھی ہیں، مہذب دنیا کے اندر تو انسانوں کے علاوہ جانداروں کے حقوق  پر باقاعدہ ادارے موجود ہیں، جو ان کے حقوق کے علمبردار ہیں اور کسی پھنسی چیل کو آزاد کروا کر یا کسی مشکل میں پھنسے درندے کی مدد کرکے اسکی ویڈیوز دنیا میں وائرل کرکے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ دیکھیں جی ہم تو بڑے حقوق کے محافظ معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں، حالانکہ سکرین کے پیچھے دیکھنے کی ہمت کوئی نہیں کرتا اور نہ ہی سکرین کے پیچھے موجود تلخ حقائق کو بیان کرنے کی جرات عموماً دانشوروں اور تجزیہ نگاروں  میں ہوتی ہے۔

انسانی حقوق کے علمبرداروں میں ایک نام UK کا بھی لیا جاتا ہے اور بڑی ڈھٹائی سے لیا جاتا ہے، متعدد لنڈے کے  پتلون پوش انگریز نما مسلمان UK کے وکیل بنے بھی مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہوجاتے ہیں، جو کہتے ہیں کہ بھائی UK کو تم کیا جانو وہاں تو بس سب کچھ ہے حقوق کی لوٹ سیل لگی ہے جس کو دنیا میں کہیں حقوق نہیں ملتے وہ وہاں بس چلا جائے اگلا کام انکا ہے، وہ جھولی بھر بھر کردیں گے ،ایسے ایسے فضائل سناتے ہیں بعض اوقات   کہ ملکہ برطانیہ کو بھی معلوم نہیں ہوتے۔

لیکن ان تاریخ سے ناآشنا انٹرنیشنل بیوقوفوں کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے نام سے اسی برطانیہ نے برصغیر پر قبضہ کرنے کے لئے کتنا  شاطرانہ اور مکارانہ کھیل کھیلا اور بزنس کی پوشاک میں انہوں نے مسلمانوں کی سلطنت کو روند ڈالا۔

کیا اتنے بڑے عالمی فراڈ کے پکڑے جانے کے بعد UK اس قابل تھا کہ دنیا اس کی کسی بات پر اعتبار کرتی؟
لیکن ان لوگوں کو کون سمجھائے؟

بات دوسری جانب نکل جائے گی اس لئے دوبارہ موضوع کی جانب چلتے ہیں ،حالیہ فرانس کی سرکاری سطح پر پیغمبر اسلام نبی آخر الزماں محسن انسانیت آقانامدار جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی متشددانہ توہین کرنے کے بعد دنیا پر یہ بات تو واضح ہوگئی کہ فرانس کا معاشرہ اخلاقی طور پر کس قسم کی نچلی گراوٹ پر لڑھک چکا ہے۔

فرانس تو اخلاقی درندہ    ہوچلا۔۔ سوال یہ ہے کہ انسانوں سے آگے جانوروں کے حقوق پر لیکچر دینے والے کب رحلت فرما گئے ۔؟

کیا کسی پیغمبر خدا کی عزت اس کا حق نہیں ۔؟
کیا کسی  پیغمبر  کو چھوڑیں، کسی انسان کی تضحیک اور توہین اس کی حق تلفی نہیں۔؟

اگر ایک عام انسان کی عز ت  مجروح کرنے پر اقوام عالم کی عدالتیں اسکو ہتک عزت پر قانونی پوزیشن کا حق دیتی ہیں تو کیا  پیغمبرِ اسلام جو کروڑوں دلوں کی دھڑکن اور رحمت اللعالمین ہیں ،انکی عزت اور ناموس ان جعلی حقوق کے علمبرداروں کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔؟

Advertisements
julia rana solicitors

اقوام متحدہ عالمی بدمعاشوں کی لونڈی کا کردار اداکررہی ہے ،لگتا ہے  پیغمبرِ  اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر UNO کی زبان کنگ ہوجاتی ہے۔
اقوام متحدہ کو چھوڑیں OICکی زبان کو لقوہ ہوجاتا ہے
اسوقت عالم اسلام میں کوئی ایسا حکمران نہیں جو فرانس کی اس اخلاقی جارحیت کا جواب دے سکے ؟
سارے خالی جمع خرچ پر لگے ہیں
سوال یہ ہے کہ ابھی تک کسی نے فرانس سے اقتصادی اور سفارتی تعلقات ختم کیے۔؟
اگر جواب نہیں میں ہے اور حقیقتاً ایسا ہی ہے تو پھر ان کی سنجیدگی معلوم ہوجاتی ہے۔۔میں تو یہ کہتا ہوں ہونا یہ چاہیے کہ تمام مسلم ممالک متفقہ طور پر فرانس کے سفیروں کو ملک بدر کرنے کے بجائے نظر بند کریں، پھر دیکھیں فرانس کس طرح گھٹنوں کے بل چل کر کسی فورم  میں آئے گا۔
خالی بک بک سے مسلمانوں کو مشتعل کرکے مت گمراہ کرو۔یہ عالمی مسئلہ ہے جس کو اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف  میں اُٹھانے کی ضرورت ہے۔
اور ہمارے بعض پگلے اس پر بھی اپنے ملک کی چند بلڈنگوں اور سگنلز کو توڑ کر اسلام کی خدمت کا ایوارڈ لینے کے لئے پر تول رہے ہیں ،خدا را  مسلمانو! ذرا ہوش کے ناخن لو!

Facebook Comments