• صفحہ اول
  • /
  • سائنس
  • /
  • نفسیاتی مسائل کی اقسام اور طریقہ ہائے علاج کا تعارف(قسط 2)۔۔عمر قدیر اعوان

نفسیاتی مسائل کی اقسام اور طریقہ ہائے علاج کا تعارف(قسط 2)۔۔عمر قدیر اعوان

گزشتہ تحریر میں ہم نے نان سائیکوٹک امراض کے حوالے سے بات کی تھی۔ اس تحریر میں ہم سائیکوٹک امراض Psychotic Disorders کا مختصر اور آسان فہم تعارف حاصل کریں گے۔ جیسا کہ ہم نے پچھلی تحریر میں بات کی تھی کہ نان سائیکوٹک امراض وہ نفسیاتی امراض ہیں جن میں مریض اپنی شخصیت اور گردوپیش کے حوالے سے کنفیوز نہیں ہوتا اور حقیقت کے ساتھ اس کا تعلق برقرار رہتا ہے اس کے برعکس Psychotic Disorders میں مریض حقیقت اور واہمے میں تمیز کھو دیتا ہے اور اگر مناسب علاج میسر نہ آئے تو رفتہ رفتہ اپنی ذات اور اپنی فیملی تک کی پہچان کھو دیتا ہے۔ شروع میں صرف بیماری کے دورے Psychotic Episode کے دوران ایسا ہوتا ہے اور دو دوروں کے درمیان وقفہ زیادہ ہوتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ دوروں کے درمیانی وقفےمیں کمی اور شدت میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے. ان دوروں کے دوران مریض حقیقت اور واہمے کے درمیان فرق نہیں کر سکتا۔

عام طور پر مریض کو غیر معمولی آوازیں آتی ہیں جنہیں کوئی دوسرا نہیں سن سکتا، حدیثِ نفس Hallucinations کی وجہ سے غیر معمولی چیزیں دکھائی دیتی ہیں جو کہ کسی دوسرے کو نظر نہیں آتیں اور مریض ان چیزوں سے مکالمہ تک کرتا ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ میں ان کو دیکھ رہا ہوں۔ حدیثِ نفس میں عام طور پر مریض جنات، فرشتوں، فوت شدگان اور غیر مرئی مخلوقات سے ملاقات اور مکالموں کو بیان کرتا ہے. حدیثِ نفس کے علاوہ مریض کو واہمے Illusions اور فریبِ نظر delusions کثرت سے ہوتے ہیں۔ وہ آنکھوں دیکھے واقعے کی اپنی خاص توجیح بیان کرتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ کوئی اس کا پیچھا کر رہا ہے یا کوئی اس کے خلاف سازشیں کر رہا ہے یا اس کو قتل کرنے کی پلاننگ کی جارہی ہے۔ اس طرح کی بے شمار چیزیں مریض کے ذہن میں چل رہی ہوتی ہیں۔ بعض امراض میں مریض کی شخصیت تقسیم ہو جاتی ہے اور اس کے اندر ایک سے زیادہ شخصیات جمع ہو جاتی ہیں جن کا باقاعدہ الگ نام الگ شخصیت حتیٰ کہ دماغی عمر تک الگ ہو سکتی ہے۔ امریکہ اور یورپ میں ایسے مریض بھی پائے گئے ہیں جن کے اندر اٹھارہ بیس تک شخصیات پائی جاتی ہیں۔ جب ایک شخصیت حاوی ہوتی ہے تو مریض کا رویہ اس خاص شخصیت جیسا ہو جاتا ہے جبکہ دوسری شخصیات پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔ اس کی مثال مریض ایسے دیتے ہیں کہ جیسے کوئی بندہ کار ڈرائیو کر رہا ہو اور راستے میں اچانک کوئی اسے ڈرائیونگ سیٹ سے پیچھے دھکیل کر سٹئرنگ خود سنبھال لے اور مالک اس شخص کو کار چلاتا ہوا اور باہر کے مناظر کو صرف دیکھ رہا ہو اور صورتِ حال میں تبدیلی کا اس کے پاس کوئی اختیار نہ ہو۔ Psychotic Disorders کی اہم اقسام میں سکزوفرینیا Schizophrenia جسے عام طور پر شیزوفرینیا بھی کہا جاتا ہے، Delusional Disorder، Dissociative Identity Disorder، Bipolar Psychosis اور Paraphrenia وغیرہ شامل ہیں۔

سائیکوٹک امراض Psychotic Disorders کے علاج میں ادویات کی مدد سے دماغ کی نیورو کیمیکل ایٹویٹی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ عام طور پر جو ادویات استعمال کی جاتی ہیں ان میں Anti Depressant، Anti Anxiety، Stimulants، Depressants، اور Hallucinugens شامل ہوتی ہیں۔ ادویات کے ساتھ ساتھ سائیکوتھیراپی سے بھی مدد لی جاتی ہے۔ ان امراض میں مبتلا افراد کا رویہ چونکہ فیملی کے دوسرے افراد کے ساتھ نارمل نہیں ہوتا بلکہ مشکوک، تناؤ پر مبنی، عدم تعاون والا اور بعض دفعہ جارحانہ بھی ہوتا ہے اس لیے ان مریضوں کے لواحقین کو مریضوں کا رویہ سمجھانے کے لیے فیملی تھراپی کا استعمال کیا جاتا ہے۔

یاد رہے نفسیاتی امراض کے علاج میں سب سے اہم چیز بروقت تشخیص ہے۔ جتنی جلدی تشخیص ہوگی بہتری کے اتنے ہی زیادہ چانسسز ہونگے۔ مندرجہ بالا شدید امراض کے ساتھ بھی مریض مناسب دیکھ بھال، علاج اور توجہ سے کامیاب زندگی گزار سکتا ہے۔
نوٹ: اس تحریر کا مقصد نفسیاتی امراض کا ایک اجمالی تعارف اور مختصر جائزہ ہے۔ آئندہ تحریروں میں ایک ایک بیماری پر تفصیلاً لکھنے کی کوشش کروں گا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

/ نفسیاتی مسائل کی اقسام اور طریقہ ہائے علاج کا تعارف(قسط1)۔۔عمر اعوان

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply