بڑی عید پر چھوٹا سا پیغام۔۔شاہد محمود ایڈووکیٹ

السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ محترم و پیارے احباب!
سلامتیاں، ڈھیروں پیار اور محبت بھری پرخلوص دعائیں۔

میرا پیارا اللہ کریم میرا یقین ہے۔ میرے پیارے آقا کریم رحمت اللعالمین خاتم النبیین شفیع المذنبین سردار الانبیاء ابوالقاسم سیدنا حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ کریم کی رحمت کا یقین دلایا ہے۔ وہ عرض یہ کرنا تھی کہ قربانی کی عید پر آپ بھی سراپا رحمت بن جائیے گا اور جو لوگ قربانی کر رہے ہیں ان کے گھروں میں گوشت پہنچانے کی بجائے گوشت ان تک پہنچانے کی کوشش کیجئے گا جو قربانی نہیں کر پاتے۔ سارا سال کبھی کبھار ہی ان کے بچوں کو گوشت نصیب ہوتا ہے۔ سنا ہے عیال دار شخص قربانی کا سارا گوشت خود ہی گھر میں استعمال کر سکتا ہے کوئی ممانعت نہیں۔ میری عرض تو ان سے ہے جن کو اللہ کریم نے سہولت کے ساتھ آسان رزق کریم سے نوازا ہے کہ گوشت کی تقسیم میں سفید پوش گھرانوں کا اور غریب غرباء کا خاص خیال رکھیں۔ ایک بندہ بڑا پیارا یاد آ گیا ۔۔۔ قربانی کا گوشت تو غریب غرباء میں تقسیم کرتا ہی البتہ جو اپنا حصہ گھر رکھا ہوتا وہ پکوا کر نان خرید کر اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر نکل پرتا اور جو تنہا رہنے والے افراد ہوتے، ایسے گھرانے جن کے پاس پکانے کا انتظام بھی نہ ہوتا، وہ لوگ جو عید کے دن بھی مزدوری کر رہے ہوتے ان کے پاس جاتا اور انہیں پکا ہوا گوشت کا سالن اور نان کھانے کے لئے پیش کرتا ۔۔۔۔ بہت پیارا شخص یاد آ گیا تو دل کیا اس کی خوبصورت عادت آپ کے ساتھ بھی شئیر کر لوں۔
اور ہاں اگر کوئی ملازم آپ کے پاس ہے تو اس کی تنخواہ عید سے پہلے ادا کر کے اس کے لئے سہولت پیدا کرنے کی کوشش کیجئے گا۔ یاد رکھیں خوشبو وہی جو بندے کے اندر سے پھوٹتی  ہے ۔۔۔۔ باقی سب مایا ہے ۔۔۔ اللہ کریم ہم سب کو صحت و سلامتی و سکون کے ساتھ خوشیوں اور خوشحالی والی بابرکت زندگی عطاء فرمائے اور آسانیاں تقسیم کرنے والا بنائے آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
قربانی کے حوالے سے اقبال رح کا شعر ذہن میں رہے تو بہت واضح پیغام دو سطروں میں ملتا ہے؛

غریب و سادہ و رنگیِں ہے داستانِ حرم
نہایت اس کی حُسینؓ، ابتدا ہے اسمٰعِیلؑ

Advertisements
julia rana solicitors

سلامتیاں، ڈھیروں پیار اور محبت بھری پرخلوص دعائیں۔
دعا گو، طالب دعا شاہد محمود

Facebook Comments

شاہد محمود
میرج اینڈ لیگل کنسلٹنٹ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply