ایک کٹر مذہبی مشرقی باپ کی کہانی۔۔عبدالستار

ہمارے سماج میں رنگ برنگے پرندوں کو پنجروں میں ڈال کر ان کی رنگ برنگ خوبصورتیوں کو انجوائے کیا جاتا ہے کیونکہ ہمیں ہر قسم کی آزادی سے ڈر اور خوف محسوس ہوتا ہے ۔یہاں پر بچپن سے ہی انسانی ذہنوں کو مختلف قسم کے تقدسی پنجروں میں قید کر لیا جاتا ہے ۔بچوں کو ایک ایسے بندھے بندھائے اور رٹے رٹائے تسلسل کا ایک   ذہنی غلام بنا دیا جاتا ہے ،جس سرکل سے وہ پوری زندگی باہر نہیں نکل پاتےاور پھر یہ سلسلہ نسل در نسل ایک vicious circle کا روپ دھار لیتا ہے ۔بچوں کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کو روایتی اور گھسے پٹے جوابوں سے بہلانے کی کوشش کی جاتی ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں مذہبی پٹی سے آگے بڑھ کر سوچنے کی بہت زیادہ ممانعت کی جاتی ہے ۔ہم اپنی نسلوں کو رنگ برنگی سوچوں کے سر چشموں سے سیراب ہونے کی آزادی نہیں دیتے کیونکہ ہمیں یہ ڈر ہوتا ہے کہ ہماری نسل بھی منصور ، گلیلیو،سقراط اور چارلز ڈارون کی طرح آؤٹ آف دی باکس نہ چلی جائے اور روایتی حقائق کو ترک کے نئے حقائق کی تلاش کی لت میں مبتلا نہ ہوجائے ،اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ اس مقدس شکنجے کی گرفت کو ڈھیلا کر دے گا جوکہ مختلف روایتی حربے استعمال کر کے ہمارے ذہنوں کے گرد کسا جاتا ہے ۔میں آج آپ کو ایک ایسے ہی کٹر مذہبی باپ کی سچی کہانی شئیر کرنا چاہوں گا ۔اس باپ کا نام عبدالقیوم ہے اور اس کی زندگی کا کُل اثاثہ وہ کٹر مذہبی پن کا ماحول تھا جس میں یہ پلا بڑھا تھا ۔اس نے اپنے ماحول سے یہ باتیں سیکھی تھیں ۔

1. اپنے بچوں کو دنیاوی کفریہ تعلیم دینے کی بجائے مذہبی تعلیم دینی چاہیے۔

2. اپنے بچوں کو ڈاکٹر یا انجینئر بنانے کی بجائے ان کو عالم دین بنانا چاہیے۔

3. دنیاوی کتابیں پڑھانے کی بجائے قرآن کا حافظ بنایا جائے۔

4. اپنے بچوں کو پہلے پیار سے اور اگر وہ نہ مانیں تو پھر ہر طرح کی سختی کر کے دینی تعلیمات پر عمل کروایا جائے ۔

5. جن والدین کے بچے حافظ قرآن ہوں گے وہ اپنے والدین کی انگلی پکڑ کر جنت میں لے جائیں گے۔

ان تعلیمات کی روشنی میں عبدالقیوم نے اپنے سب سے بڑے بیٹے کو ایک مدرسے کو سونپ دیا ۔بڑے بیٹے نے جب ناظرہ پڑھ لیا تو پھر اس کو حفظ پر لگا دیا ۔اس بڑے بیٹے کا نام ریحان تھا۔ریحان بیچارے کا حفظ کی طرف رجحان نہ بن سکا تو قاری صاحب نے قیوم سے شکایت کی کہ اس کا حافظہ بہت کمزور ہے اور وہ حفظ کرنے میں دلجمعی پیدا نہیں کر پا رہا ہے ۔یہ بات سن کر قیوم نے قاری صاحب سے مودبانہ انداز میں ایک گزارش کی ۔وہ گزارش یہ تھی کہ “مولوی صاحب گوشت آپکا اور ہڈیاں ہماری” مجھے تو بس بچہ حافظ قرآن بنا کر ہی واپس دیجیے گا۔بس پھر کیا تھا ایک ظلم و ستم کی لمبی داستان ہے ۔قاری صاحب کبھی الٹا لٹکا کر اور کبھی پاؤں میں زنجیر باندھ کر پانی والے پائپ کے ساتھ اتنا بے دردی سے مارتے تھے کہ کبھی تو جسم سے خون بہنے لگتا تو کبھی پیشاب نکل جاتا تھا ۔اس ظلم و ستم کے سائے میں ریحان نے آٹھ پارے حفظ کر لیے مگر جب دہرائی ہوتی تو اکثر آیات بھول جاتیں تو پھر وہی مار کٹائی کا سلسلہ  شروع ہو جاتا ۔ریحان پر اس مارکٹائی کا بہت برا اثر ہوااور وہ ایک طرح سے ذہنی مریض بن گیا اس کے دل میں ایک ڈر سا بیٹھ گیا ۔ایک دن ڈرتے ڈرتے ریحان نے اپنے والد سے کہا کہ وہ حفط نہیں کرنا چاہتا بلکہ وہ سکول کی تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے ۔قیوم نے یہ سن کر پہلے تو ریحان کو ڈانٹا اور پھر کچھ دوست احباب کے مشورے سے آخر کا ررضامند ہوگیا ۔ریحان آج بہت خوش تھا کہ وہ آج پہلی دفعہ سکول جا رہا ہے ،وہ رنگ برنگی کتابیں پڑھے گا اور تختی بھی لکھا کرے گا مگر جیسے ہی وہ سکول کے گیٹ کو پار کر کے اپنی کلاس میں داخل ہوا تو وہ کپکپانے لگا کہ کہیں یہ استاد بھی قاری صاحب کی طرح مجھے مارنے نہ لگ جائے ۔مدرسے کی بے دردی والی مار نے اس کے ذہن میں ایک ایسے خوف کی صورت میں گرہ لگا دی تھی کہ جس گرہ کووہ اپنی کالج لائف تک نہ توڑ سکا ۔وہ ہمیشہ کلاس کی آخری قطار میں سب سے پیچھے چھپ کر بیٹھتا تھا کہ کہیں استاد کی نگاہ اس پر نہ پڑ جائے اور وہ کوئی سوال نہ پوچھ لے۔اسے کلاس میں کھڑا ہونے سے ہی ڈر لگتا تھا اور کبھی کبھار اگر استاد نے کوئی شعر وغیرہ سنانے کو کہا تو ریحان کا حلق خشک ہو جاتا تھا اور ٹانگیں کانپنے لگتی تھیں۔وہ کالج لائف تک بیک بنچر ہی رہا مگر المیہ یہ ہے کہ کسی استاد اور پروفیسر نے اس کی اس ذہنی خوف کی فضاء کو ختم کرنے کی کوشش ہی نہیں کی ۔ریحان اکیلا ہی اپنی دنیا میں  مگن رہتا تھا اور اب تو وہ ایک ایسی کیفیت کا شکار ہو چکا تھا کہ وہ اکیلا خود سے ہی باتیں کرتا رہتا تھا کیونکہ اس کو سمجھنے والا، اس کو کوئی اپنا نہ مل سکا تو اس نے اپنی ہی ایک ذہنی دنیا بسا لی ۔کہتے ہیں کہ سیکھنے والے زیادہ تر بیک بنچرز ہی ہوتے ہیں ۔ریحان کے ذہن میں بھی مختلف سوال پیدا ہوتے تھے اور وہ خود ہی اپنی ذہنی دنیا میں مگن رہ کر ان سوالوں کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرتا رہتا تھا ۔وہ اکثر سوچتا تھا کہ

1. اگر قرآن پڑھنے اور سمجھنے کی چیز ہے تو اس کو رٹا کیوں جاتا ہے ؟

2. میرا اس وسیع کائنات میں آنے کا مقصد کیا ہے ؟

3. کیا علم کو حاصل کرنے کے لیے اس کو رٹنا ضروری ہوتا ہے؟

4. یہ جاننے کا پیمانہ کیا ہے کہ یہ تعلیم دنیاوی ہے اور یہ دینی ؟

5. اگر اس دنیا نے ختم ہی ہو جانا ہے تو پھر تخلیق کا کیا مقصد ہوا ؟

6. اگر ہمیں سب سچائیاں مل چکی ہیں تو پھر جستجو کس بات کی ؟

Advertisements
julia rana solicitors london

اس کے علاوہ بے شمار اور ان گنت سوالات ریحان کے دماغ میں کلبلاتے رہتے ہیں اور وہ خود ہی اپنی دنیا میں مگن رہ کر ان سوالوں کو کھوجتا رہتا ہے کیونکہ مدرسے کی ظالمانہ مار پیٹ نے اس کی ذہنی صلاحیتوں کو ایک عجیب قسم کے خوف میں مبتلا کر دیا ہے ۔ریحان آج بھی معاشرے کا سامنا کرنے سے کتراتا ہے اور بس یونہی اپنی ہی ذات سے الجھتا رہتا ہے ۔ذرا سوچیے کہ اس سارے المیہ کا ذمہ دار کون ہے ؟کیا یہ ذہن چارلز ڈارون ،کارل مارکس یا ارسطو نہیں بن سکتا تھا ؟کیااس المیہ کا موردالزام ہم عبدالقیوم یا مدرسے کے قاری صاحب کو دے سکتے ہیں ؟یا وہ روایتی سرکل ذمہ دار ہے جو اس قسم کی سوچ کی نسلوں سے آبیاری کر رہا ہے ؟ فیصلہ آپ پر چھوڑتا ہوں ۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply