• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس احتساب عدالت میں رینجرز تعیناتی سے لاعلم

اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس احتساب عدالت میں رینجرز تعیناتی سے لاعلم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنسز کے سلسلے میں احتساب عدالت میں دوسری پیشی کے موقع پر کورٹ کے باہر رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ لاعلم تھی۔احتساب عدالت پہنچنے والے وکلاء، عدالتی کارروائی کی کوریج کرنے والے میڈیا نمائندگان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام وزراء اور دیگر سیاست دانوں کو رینجرز اہلکاروں نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس (ایف جے سی) میں داخلے سے روک دیا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو بھی رینجرز اہلکاروں نے عدالت میں جانے سے روک دیا جس کے بعد یہ معاملہ بگڑ گیا اور انہوں نے اس حوالے سے رینجرز حکام اور اسلام آباد انتظامیہ کو فوری طور پر طلب کر لیا۔اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے رینجرز کو عدالت کے باہر تعینات ہونے کے احکامات جاری نہیں کیے جبکہ پولیس عدالت کے باہر سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار تھی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے 2 اکتوبر کو احتساب عدالت کے باہر رینجرز کی تعیناتی کے لیے نہیں کہا تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے قافلے کے پہنچنے سے قبل ہی رینجرز اہلکار فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے اور سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔رینجرز نے G-11 چیک پوسٹ کو بھی بند کردیا جو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی جانے والا واحد راستہ ہے۔فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں 13 مختلف عدالتیں موجود ہیں جن میں احتساب عدالت، اسلام آباد بار کونسل کا مرکزی دفتر، وفاقی انشورنس محتسب جیسے بڑے دفاتر شامل ہیں، لیکن رینجرز اہلکاروں نے ان دفاتر کے افسران کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply