باریش بزرگ، قبرستان اور خواجہ سرا۔۔میاں جمیشد

کچھ دنوں پہلے کسی قبرستان میں ایک داڑھی والے بزرگ کی ہیجڑے   کے ساتھ جنسی فعل کرتے وقت رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کی ویڈیو وائیرل ہوئی ۔ شاید کوئی نوجوان ایسا کرتا پکڑا جاتا تو اتنی لعن طعن نہ ہوتی جتنی ان بزرگ کی وجہ سے ویڈیو جلدی وائیرل ہوئی ۔ پکڑنے والوں نے بھی سب سے پہلے ہیجڑے کو زیادہ قصور وار اور بے بس سمجھتے اسکی ٹھکائی کی اور بزرگ کی عمر و داڑھی کا لحاظ کرتے ایک دو چپت رسید کرتے روانہ کر دیا ۔ خیر یہ تو جنسی فعل کا ایک پہلو ہو گیا جس پر ہر طرف سے لعن طعن جاری ہے ۔ اب ذرا اسکے دوسرے پہلو کی طرف نظر ڈالتے ہیں۔

ہیجڑوں کا ایسے جنسی کاموں میں ملوث ہونے کی وجوہات پر بارہا لکھا جا چکا ہے ،لکھا جا رہا اور لکھا جاتا رہے گا ۔ ان کی زندگی کے بےبس حالات اور مجبوریاں نجانے کب ختم ہوں گی ۔ مجھے فی الوقت ان کے حوالے سے اتنا نہیں لکھنا جتنا ویڈیو میں موجود بزرگ جیسی عمروں کے حامل افراد کے حوالے سے اپنی راے دینی ہے۔

مجھے ان صاحب کی مجبوری کا تو پتہ نہیں کہ کس وجہ سے اس ذلالت آمیز واقعہ کی طرف آئے ۔ جنسی ضرورت ایک جسمانی تسکین کی فطری خواہش ہے جس کی مثبت تکمیل کے لئے میاں بیوی کا رشتہ جنم لیتا ہے ۔ دونوں ہم لباس ہو کر پوری زندگی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ایک دوسرے کے لئے جنسی تسکین کا باعث بھی بننے رہتے  ہیں، مگر میرے اپنے مشاہدے میں کئی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارے ہاں اگر کوئی بڑی عمر ( 45/ 50 سال کے بعد ) کوئی بیوہ یا رنڈوا ہو جائے تو اسکی دوبارہ شادی کی کوشش نہیں کی جاتی ۔ اگر کوئی ارادہ کرے تو اپنے خاندان میں ہی لوگ مخالفت میں کھڑے ہو جاتے کہ اچھا لگتا ہے اس عمر میں دوبارہ شادی، لوگ کیا کہیں گے ، اولاد اور خاندان والوں کو باتیں سننا پڑیں گی، وغیرہ ۔ مرد تو خیر پھر بھی بہت ہمت کر کے شادی کر لیتا  ہے،مگر کسی عورت کے لئے ایسا کرنا ہماری سوسائٹی میں کسی حد تک نا ممکن بنا دیا گیا ہے ۔

یقین مانیں میرے اپنے مشاہدے میں کئی ایسے ادھیڑ عمر کے لوگ ہیں جو اپنے ساتھی کی جدائی ، جنسی و جذباتی وابستگی کے نہ ہونے کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن چکے مگر پھر بھی ان کے اپنے، ان کے لئے کسی نئے  ہمسفر کے  چننے سے انکاری ہیں ۔ اب وہ خود کسی سے ایسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ججھک محسوس کرتے  ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے ۔

ہونا تو یہ چاہیے کہ ایسے ادھورے رہ جانے والوں کی دوبارہ شادی کا انتظام ہر حال میں انکی فیملی کی طرف سے ہونا چاہیے ۔ اولاد تو بڑی ہو کر اپنے بیوی بچوں میں مصروف ہو جائے گی  اور ایسے اکیلے رہ جانے والے باپ یا ماں کی دوبارہ شادی کروانے میں شرمندگی محسوس کرے تو اس سوچ کو اب بدلنے کی ضرورت ہے ۔

ہو سکتا ہے کہ ویڈیو میں موجود بزرگ  ایسے ہی حالات کا شکار ہوں۔ بہت سارے لوگ ایسی حالت میں دہری شخصیت کا شکار ہو جاتے ۔ سب کے سامنے پارسا ، صبر والے مگر تنہائی میں جنسی و جذباتی وابستگی کو برداشت نہیں کر پاتے ۔ پھر امیر لوگوں کو تو فطری جنسی ضرورت پوری کرنے کو کوئی اچھی جگہ اور اچھا پارٹنر مل بھی جاتا  ہے ،مگر سو پچاس میں کسی مخنث سے ہی جنسی طلب پوری کرنے والے مجبور لوگ مُردوں کے درمیان بھی رنگے ہاتھوں پکڑے جاتے ہیں ۔ واہ ری قسمت!

Advertisements
julia rana solicitors

اس معاملے میں ہمارے مذہبی رہنماؤں کو بھی لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ صرف صبر کی تلقین ، حوریں ملنے کی امید ، روزے رکھنے یا سہہ/چالیس روزہ وغیرہ لگانے کے مشورے دینے کی بجائے دوبارہ شادی کروانے پر زور دینا چاہیے تاکہ وہ پوری توجہ و شوق کے ساتھ دوبارہ دینوی و دنیاوی ذمہ داریاں نبھا سکیں ۔

Facebook Comments

میاں جمشید
میاں جمشید مثبت طرزِ زندگی کے مختلف موضوعات پر آگاہی ، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی jamshades پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply