مرغی کی تین ٹانگیں۔عزیزخان ایڈوکیٹ لاہور

میں 2003 میں ایس ایچ او تھانہ شیدانی شریف ضلع رحیم یار خان تعینات تھا،   ایک دن  پُرانا ملازم فدا حسین آیا اُس کے ہاتھ میں ایک پلاسٹک بیگ تھا  ،کہنے لگا ،میں آپ کو کچھ دکھانا چاہتا ہوں بیگ کھولا تو اُس میں مُرغی کا گوشت تھا میں نے فدا کی طرف دیکھا اور کہا یہ کیا ہے ؟ سر اس مرغی کی تین ٹانگیں ہیں۔

کیا مطلب میں نے حیرت سے کہا ! جو روئیداد فدا نے سُنائی وہ کچھ اس طرح سے تھی کہ وہ صبح مرغی لینے ایک دوکان پر گیا دوکاندار سے مرغی لے کر اُس کا وزن کروایا قیمت ادا کی دوکاندار کو مُرغی ذبح کرکے گوشت بنانے کا کہا اور خود ساتھ والی دوکان سے سبزی لینے چلاگیا واپس آیا مرغی والے  نے ایک پلاسٹک بیگ میں مُرغی ڈال کر اُسے دے دی گھر جا کر مرغی پکانے کے لیے نکالی ،دیکھا تو اُس میں مُرغی کی تین ٹانگیں ہیں وہ دوکاندار کے پاس گیا تو اُس نے بات سُننے سے انکار کر دیا کہتا ہے میں نے تو پوری مرغی آپ کو دے دی تھی میں نے فدا سے پوچھا کہ دوکاندار کو معلوم ہے کہ آپ ایس ایچ او کے ملازم ہو تو فدا نے ہاں میں جواب دیا۔

میں نے محرر تھانہ عاشق کو بُلایا اور کہا مرغی والے دوکاندار کو لے کر آئے، تھوڑی دیر بعد دوکاندار آگیا ،میں نے اُس سے پوچھا کہ مرغی کی تین ٹانگیں کیسے ہو گئی ہیں تو مُرغی والا ماننے کو تیار ہی نہ تھا کہ فدا نے اُس سے مُرغی لی ہے۔

شیدانی شریف میں اکثریت کوریجہ صاحبان کی ہے اور اُن کا سیاسی اثررسوخ بُہت ہوتا ہے تھانہ پر ایس ایچ او بھی اُن کی مرضی سے لگتا ہے یہ ساری دوکا نیں بھی کوریجہ صاحبان کی ہیں اور یہ سب لوگ اُن کے کرایہ دار ہوتے تھے اس وجہ سے تھانہ کے ہر کام میں اُن کی مداخلت ضرور ہوتی ہے تھوڑی دیر میں کوریجہ صاحبان کے ٹیلی فون آنا شروع ہوگئے کہ مرغی والے کو چھوڑ دیں کیونکہ میری پوسٹنگ سیاسی نہیں تھی میری ایک ہی بات تھی کہ اگر یہ دوکاندار ایس ایچ او کے ملازم سے یہ حرکت کر سکتا ہے تو باقی لوگوں سے کیا کرتا ہوگا ؟

دوکاندار تھا کہ اس بات کو ماننے کو تیار نہیں تھا کہ فدا مُرغی اس سے لے کر گیا تھا۔۔

میں نے محرر تھانہ کو کہا مرغی کا بیگ دوکاندار کے منہ پر باندھے اور اسے حوالات میں بند کر دے اس پر مقدمہ بھی درج کرنا ہے گرمی کے دن تھے تھوڑی دیر بعد تھانہ سفارشیوں سے بھر گیا ،ان میں اکثریت کوریجہ صاحبان کی تھی جو دوکاندار کے منہ پر مرغی کا بیگ بندھا دیکھ رہے تھے اور مجھ پر مختلف کارنرز سے دباؤ  ڈال رہے تھے کہ مُرغی والے کو چھوڑ دوں مگر میری صرف ایک ہی بات تھی کہ دوکاندار اپنا قصور مان لے اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی ضمانت دے، پھر ایسا ہی ہوا دوکاندار نے اپنا قصور مان لیا جو کہانی اُس نے سُنائی وہ کُچھ اس طرح سے تھی کہ جیسے ہی فدا سبزی لینے گیا تو اُس نے پُرانا بچا ہوا گوشت بیگ میں ڈال کر فدا  کو دے دیا اور وہ مرغی جو فدا نے لی تھی ذبح نہ کی اور اُسے دوبارہ پنجرے میں ڈال دی دوکان دار کو اپنی غلطی ماننے اور آئندہ ایسا نہ کرنے کے وعدہ پر چھوڑ دیا گیا ۔

Advertisements
julia rana solicitors

آج عدالت عالیہ نے مُرغی کے ریٹ حکومت کو نہ نکالنے کی ہدایت کی ہے اب یہ ریٹ پولٹری مافیا اور دوکاندار بیٹھ کر بنائیں گے کہ مُرغی کس بھاؤبکے گی ،ہم بحیثیت قوم زبوں حالی کا شکار ہیں ہم قانون توڑ کر خوشی محسوس کرتے ہیں ہم نے تو کورونا جیسی بیماری کو کوئی اہمیت نہیں دی جس نے پوری دُنیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے ہم کسی حکومتی اقدامات کو نہیں مانتے جب یہ آزادی ملے گی تو کیا کریں گے پھر تو ہر طرف مُرغی کی تین ٹانگیں ہی نظر آئیں گی؟

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply