“بے دانش” دانشور۔۔انعام رانا

ایک خاتون کا میسج آیا کہ“میرے شوہر رائٹر/بلاگر ہیں۔ جب سے  آپ کا مکالمہ آیا ہے ہماری زندگی خراب ہو گئی ہے۔ کوئی کام نہیں کرتے، سارا سارا دن فیس بک پہ رہتے ہیں۔ جب کبھی کام دھندے کا کہوں تو کہتے ہیں میری پسند کی نوکری ملی تو کروں گا۔ میں فیس بک فیمس پرسنیلٹی ہوں، میرے اتنے ہزار فالورز ہیں، میں فروٹ کی ریڑھی لگا لوں؟۔۔ مجھے بتائیے بھائی کہ شوہر کی اس دانشوری سے گھر کیسے چلاؤں؟”۔

ان کو تو جو جواب دیا سو دیا مگر یارو !آپ سب سے اک بات کرنا چاہتا ہوں، خواہ آپ مکالمہ سے وابستہ ہیں، کسی اور سائیٹ سے یا بس فیس بک پہ خود ہی لکھتے ہیں۔ ہاں بہت اچھا لگتا ہے یہ واہ واہ، یہ انعام رانا نے کیا کہہ دیا، رانا جی ہم تو آپ کے فین ہیں، رانا جی آپ کا اس موضوع پہ تبصرہ کیا ہے۔ مگر خدارا اس “ورچوئل لائف” کے لیے اپنی حقیقی زندگی برباد نہ کیجیے۔ بھاڑ میں گئی وہ دانشوری اور وہ شہرت جو آپ کے گھر کی ذمہ داری پوری نہ  کر سکے،اور اگر دانشوری کا اتنا ہی شوق ہے تو پھر اپنے وقت کی قربانی دیجیے، فیملی کے نہیں۔

میں  آپ کو اپنی مثال دیتا ہوں۔ میں لا فرم کے دو دفتر چلاتا ہوں، میرے پاس الحمداللہ اک بڑا کلائنٹ پورٹل ہے، مجھے روزانہ قریب پندرہ سے بیس میٹنگز کرنا ہوتی ہیں، ایورج میں دن میں ستر کے قریب کلائنٹ کالز کرتا یا سنتا ہوں۔ میں پرنسپل سولسٹر ہوں یعنی میری فرم میں کام کرنے والے ہر بندے کے کام کا کلائنٹ اور لا سوسائٹی کو جوابدہ میں ہوں سو بہت کچھ سپروائز کرنا ہوتا ہے۔ ہاں میں اس دوران وقت مینج کرتا ہوں۔ میں سویرے دفتر جاتا ہوں اور بیچ بیچ میں “دانشوری” پہ لگائے وقت کو یوں پورا کرتا ہوں کہ دفتر بند ہونے کے بعد بھی کام کر رہا ہوتا ہوں ۔ میں کبھی نو بجے سے پہلے شاید ہی گھر واپس آتا ہوں گا۔رات  گئے تک گھر آ کر بھی دانشوری کر لیتا ہوں اگرچہ اس بات پر ماں اور بیوی سے کچھ کچھ عزت بھی کرواتا ہوں ،مگر اب میں اور وہ عادی ہو چکے۔  میں فقط پانچ ساڑھے پانچ گھنٹے سوتا ہوں۔ سو اگر میں مکالمہ اور یہ سوکالڈ دانشوری چلا رہا ہوں، واہ واہ کروا رہا ہوں تو گھر نہیں بیٹھ گیا۔

رہی بات ،کیسی نوکری؟ یہ میرے رب کا شکر ہے کہ اس نے میری محنت کو پھل لگا کر آج مجھے پردیس میں عزت دی،مگر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کو یہیں میں نے ڈلیوری ڈرائیور، ویٹر، سیلزمین کی نوکریاں بھی کی ہیں، ٹھنڈ میں سڑک پہ کھڑے ہو کر لوگوں کو “پلیز سکائی ٹی وی لے لیں” کے ترلے بھی کیے ہیں۔ہر نوکری اس دو نمبر کی دانشوری سے بڑی اور بہتر ہے۔

اس میں میں پہ معذرت، مگر خود سے زیادہ مثال دیتا بھی کس کی۔ مکالمہ محبت ہے سجنو۔ ۔اور جو محبت  آپ کو بنا نہ  پائے، ترقی کرنے کی خواہش نہ  دے ،بلکہ برباد کرے، وہ ڈھونگ ہے۔ اپنی ذمہ داریوں میں سے وقت نکال کر دانشوری کیجیے، ورنہ  آپ دانشور نہیں “بے دانش “ ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

نوٹ: مکالمہ والے اپنی اپنی بیویوں کو قسم نہ  اٹھوائیں  ، میں نے پہلے ہی اس کو کہا ہے جھوٹی اٹھا لینا میں کفارہ دے دوں گا۔

Facebook Comments

انعام رانا
انعام رانا کو خواب دیکھنے کی عادت اور مکالمہ انعام کے خواب کی تعبیر ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply